ام الکتاب ۔ تفسیر سورۃ الفاتحہ (9/12)، مولانا ابوالکلام آزاد

   اہْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیمَ (۷)


ہدایت

"ہدایت” کے معنی رہنمائی کرنے،  راہ دکھانے،  راہ پر لگا دینے کے ہیں۔ اجمالاً اس کا ذکر اوپر گزر چکا ہے۔ یہاں ہم چاہتے ہیں ہدایت کے مختلف مراتب و اقسام پر نظر ڈالیں جن کا قرآن حکیم نے ذکر کیا ہے اور جن میں سے ایک خاص مرتبہ وحی و نبوت کی ہدایت کا ہے۔


تکوین وجود کے مراتب اربعہ


تم ابھی پڑھ چکے ہو کہ خدا کی ربوبیت نے جس طرح مخلوقات کو ان کے مناسب حال جسم و قویٰ دیے ہیں،  اسی طرح ان کی ہدایت کا فطری سامان بھی مہیا کر دیا ہے۔ فطرت کی یہی ہدایت ہے جو ہر وجود کو زندگی و معیشت کی راہ پر لگاتی اور ضروریات زندگی کی جستجو میں رہنما ہوتی ہے۔ اگر فطرت کی یہ ہدایت موجود نہ ہوتی تو ممکن نہ تھا کہ کوئی مخلوق بھی زندگی کو بقا کا سامان بہم پہنچا سکتی۔ چنانچہ قرآن نے جا بجا اس حقیقت پر توجہ دلائی ہے۔ وہ کہتا ہے : ہر وجود کے بننے اور درجہ تکمیل تک پہنچنے کے مختلف مراتب ہیں اور ان میں آخری مرتبہ ہدایت کا مرتبہ ہے۔ سورۃ الاعلیٰ میں بالترتیب چار مرتبوں کا ذکر کیا گیا ہے :

الَّذِی خَلَقَ فَسَوَّىٰ (۲)وَالَّذِی قَدَّرَ فَهَدَىٰ (۳) – سورۃ نمبر ۸۷


وہ پروردگار جس نے ہر چیز پیدا کی،  پھر اسے درست کیا،  پھر ایک اندازہ ٹھہرا دیا،  پھر اس پر راہ (عمل) کھول دی۔

یعنی تکوین وجود کے چار مرتبے ہوئے،  تخلیق،  تسویۃ،  تقدیر،  ہدایت

"تخلیق” کے معنی پیدا کرنے کے ہیں۔ یہ بات کہ کائنات خلقت اور اس کے ہر وجود کا مواد عدم سے وجود میں آ گیا ہے،  تخلیق ہے۔

"تسویۃ” کے معنی یہ ہیں کہ ایک چیز کو جس طرح ہونا چاہیے،  ٹھیک اسی طرح درست اور آراستہ کر دینا۔

"تقدیر” کے معنی اندازہ ٹھہر دینے کے ہیں اور اس کی تشریح اوپر گزر چکی ہے۔

"ہدایت” سے مقصود یہ ہے کہ ہر وجود پر اس کی زندگی و معیشت کی راہ کھول دی جائے اور اس کی تشریح بھی ربوبیت کے مبحث میں گزر چکی ہے۔

مثلاً مخلوقات میں ایک خاص قسم پرند کی ہے :

۱) یہ بات کہ ان کا مادہ خلقت ظہور میں آ گیا تخلیق ہے۔

۲) یہ بات کہ ان کے تمام ظاہری و باطنی قویٰ اس طرح بنا دیئے گئے کہ ٹھیک ٹھیک قوام و اعتدال کی حالت پیدا ہو گئی،  تسویۃ ہے۔

۳) یہ بات کہ ان کے ظاہری و باطنی قویٰ کے اعمال کے لیے ایک خاص طرح کا اندازہ ٹھہر دیا گیا ہے جس سے وہ باہر نہیں جا سکتے،  تقدیر ہے۔ مثلاً یہ کہ ہوا میں اڑیں گے،  مچھلیوں کی طرح پانی میں تیریں گے نہیں۔

۴) یہ بات کہ ان کے اندر وجدان و حواس کی روشنی پیدا ہو گئی جو انہیں زندگی و بقا کی راہیں دکھاتی اور سامان حیات کے طلب و حصول میں رہنمائی کرتی ہے،  ہدایت ہے۔

قرآن کہتا ہے خدا کی ربوبیت کا مقتضی یہی تھا کہ جس طرح اس نے ہر وجود کو اس کا جامہ ہستی عطا فرمایا اور اس کے ظاہری و باطنی قوی درست کر دیے اور اس کے اعمال کے لیے ایک مناسب حال اندازہ ٹھہر دیا،  اسی طرح اس کی ہدایت کا بھی سامان کر دیا :

قَالَ رَبُّنَا الَّذِی أَعْطَىٰ كُلَّ شَیْءٍ خَلْقَهُ ثُمَّ هَدَىٰ (۲۰:۵۰)

(موسیٰ نے ) کہا : ہمارا پروردگار وہ ہے جس نے ہر چیز کو اس کی بناوٹ دی پھر اس پر راہ عمل کھول دی۔

قرآن نے حضرت ابراہیم (علیہ السلام) اور ان کی قوم کا جو مکالمہ جا بجا نقل کیا ہے،  اس میں حضرت ابراہیم اپنے عقیدے کا اعلان کرتے ہوئے کہتے ہیں :

وَإِذْ قَالَ إِبْرَاهِیمُ لِأَبِیهِ وَقَوْمِهِ إِنَّنِی بَرَاءٌ مِّمَّا تَعْبُدُونَ (۴۳:۲۷)إِلَّا الَّذِی فَطَرَنِی فَإِنَّهُ سَیَهْدِینِ (۴۳:۲۷)

اور جب ابراہیم نے اپنے باپ اور قوم سے کہا تھا: تم جن (دیوتاؤں ) کی پرستش کرتے ہو،  مجھے ان سے کوئی سروکار نہیں،  میرا اگر رشتہ ہے تو اس ذات سے جس نے مجھے پیدا کیا ہے اور وہی میری رہنمائی گی۔

الَّذِی فَطَرَنِی فَإِنَّهُ سَیَهْدِینِ (۴۳:۲۷)

یعنی جس خالق نے مجھے جسم و وجود عطا فرمایا ہے،  ضروری ہے کہ اس نے میری ہدایت کا بھی سامان کر دیا ہو۔

سورۃ شعراء میں یہی بات زیادہ وضاحت کے ساتھ بیان کی گئی ہے :

الَّذِی خَلَقَنِی فَهُوَ یَهْدِینِ (۲۷:۷۸)وَالَّذِی هُوَ یُطْعِمُنِی وَیَسْقِینِ (۲۷:۷۹)وَإِذَا مَرِضْتُ فَهُوَ یَشْفِینِ (۲۷:۸۰)

جس پروردگار نے مجھے پیدا کیا ہے،  وہی میری ہدایت کریگا،  اور پھر وہی ہے جو مجھے کھلاتا ہے اور پلاتا ہے،  اور جب بیمار ہو جاتا ہوں تو شفا بخشتا ہے۔

یعنی جس پروردگار کی پروردگاری نے میری تمام ضروریات زندگی کا سامان کر دیا ہے،  جو مجھے بھوک کے لیے غذا،  پیاس کے لیے پانی اور بیماری میں شفا عطا فرماتا ہے،  کیونکہ ممکن ہے کہ اس نے مجھے پیدا تو کر دیا ہو،  لیکن میری ہدایت کا سامان نہ کیا ہو؟ اگر اس نے مجھے پیدا کیا ہے تو یقیناً وہی ہے جو طلب و سعی میں میری رہنمائی بھی کرے۔

سورۃ صفّٰت میں یہی مطلب ان لفظوں میں ادا کیا گیا ہے :

وَقَالَ إِنِّی ذَاهِبٌ إِلَىٰ رَبِّی سَیَهْدِینِ (۳۷:۹۹)

اور (ابراہیم نے ) کہا : میں (ہر طرف سے کٹ کر) اپنے پروردگار کا رخ کرتا ہوں،  وہ میری ہدایت کرے گا۔

"ربی” کے لفظ پر غور کرو! وہ میرا "رب” ہے اور جب وہ "رب” ہے تو ضروری ہے کہ وہی مجھ پر راہ عمل بھی کھول دے۔

ہدایت کے ابتدائی تین مرتبے

پھر ہدایت کے بھی مختلف مراتب ہیں جو ہم حیوانات میں محسوس کرتے ہیں :

سب سے پہلا مرتبہ وجدان کی ہدایت کا ہے۔ وجدان طبیعت حیوانی کا فطری اور اندرونی الہام ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ ایک بچہ پیدا ہوتے ہی غذا کے لیے رونے لگتا ہے اور پھر بغیر اس کے کہ خارج کی کوئی رہنمائی اسے ملی،  ماں کی چھاتی منہ میں لیتے ہی اسے چوستا اور اپنی غذا حاصل کر لیتا ہے۔

وجدان کے بعد حواس کی ہدایت کا مرتبہ ہے اور وہ اس سے بلند تر ہے۔ یہ ہمیں دیکھنے،  سننے،  چکھنے،  چھونے اور سونگھنے کی قوتیں بخشتی ہے اور انہیں کے ذریعے ہم خارج کا علم حاصل کرتے ہیں۔

ہدایت فطرت کے یہ دونوں مرتبے انسان اور حیوان سب کے لیے ہیں،  لیکن جہاں تک انسان کا تعلق ہے ہم دیکھتے ہیں کہ ایک تیسرا مرتبہ ہدایت بھی موجود ہے اور وہ عقل کی ہدایت ہے۔ فطرت کی یہی ہدایت ہے جس نے انسان کے آگے غیر محدود ترقیات کا دروازہ کھول دیا ہے اور اسے کائنات ارضی کی تمام مخلوقات کا حاصل و خلاصہ بنا دیا ہے۔

وجدان کی ہدایت اس میں سعی و طلب کا ولولہ پیدا کرتی ہے،  حواس اس کے لیے معلومات بہم پہنچاتے ہیں اور عقل نتائج و احکام مرتب کرتی ہے۔ حیوانات کو اس آخری مرتبے کی ضرورت نہ تھی،  اس لیے ان کا قدم وجدان اور حواس سے آگے نہیں بڑھا،  لیکن انسان میں یہ تینوں مرتبے جمع ہو گئے۔

جوہر عقل کیا ہے ؟ دراصل اسی قوت کی ایک ترقی یافتہ حالت ہے جس نے حیوانات میں وجدان اور حواس کی روشنی پیدا کر دی ہے۔ جس طرح انسان کا جسم اجسام ارضی کی سب سے اعلیٰ کڑی ہے۔ اسی طرح اس کی معنوی قوت بھی تمام معنوی قوتوں کا بدترین جوہر ہے۔ روح حیوانی کا وہ جوہر ادراک جو نباتات میں مخفی اور حیوانات کے وجدان و مشاعر میں نمایاں تھا،  انسان کے مرتبے میں پہنچ کر درجہ کمال تک پہنچ گیا اور جوہر عقل کے نام سے پکارا گیا۔ ہر مرتبہ ہدایت ایک خاص حد سے آگے رہنمائی نہیں کر سکتا۔

پھر ہم دیکھتے ہیں کہ ہدایت فطرت کے ان تینوں مرتبوں میں ہر مرتبہ اپنی قوت و عمل کا ایک خاص دائرہ رکھتا ہے،  اس سے آگے نہیں بڑھ سکتا،  اور اگر اس مرتبے سے ایک دوسرا بلند تر مرتبہ موجود نہ ہوتا تو ہماری معنوی قوتیں اس حد تک ترقی نہ کر سکتیں جس حد تک فطرت کی رہنمائی سے ترقی کر رہی ہیں۔

وجدان کی ہدایت ہم میں طلب و سعی کا جوش پیدا کرتی ہے اور مطلوبات زندگی کی راہ پر لگاتی ہے،  لیکن ہمارے وجود سے باہر جو کچھ موجود ہے اس کا ادراک حاصل نہیں کر سکتی،  یہ کام مرتبہ حواس کی ہدایت کا ہے۔ وجدان کی رہنمائی جب درماندہ ہو جاتی ہے تو حواس کی دستگیری نمایاں ہوتی ہے،  آنکھ دیکھتی ہے،  کان سنتا ہے،  زبان چکھتی ہے،  ہاتھ چھوتا ہے،  ناک سونگھتی ہے،  اور اس طرح ہم اپنے وجود سے باہر کی تمام محسوس اشیاء کا ادراک حاصل کر لیتے ہیں۔

لیکن حواس کی ہدایت بھی ایک خاص حد تک ہی کام دے سکتی ہے،  اس سے آگے نہیں بڑھ سکتی۔ آنکھ دیکھتی ہے،  مگر صرف اسی حالت میں جب کہ دیکھنے کی تمام شرطیں موجود ہوں۔ اگر کوئی ایک شرط بھی نہ پائی جائے مثلاً روشنی نہ ہو یا فاصلہ زیادہ ہو تو ہم آنکھ رکھتے ہوئے بھی ایک موجود چیز کو براہ راست نہیں دیکھ سکتے۔ علاوہ بریں حواس کی ہدایت صرف اتنا ہی کر سکتی ہے کہ اشیاء کی احساس پیدا کر دے۔ لیکن مجرد احساس کافی نہیں ہے۔ ہمیں استنباط و استثناج کی ضرورت ہے،  احکام کی ضرورت ہے،  کلیات کی ضرورت ہے اور یہ کام عقل کی ہدایت کا ہے۔ وہ ان تمام مدرکات کو جو حواس کے ذریعے حاصل ہوتی ہیں،  ترتیب دیتی ہے اور ان سے احکام و کلیات کا استنباط کرتی ہے۔

ہر مرتبہ ہدایت اپنی تصحیح و نگرانی میں بالاتر مرتبہ ہدایت کا محتاج ہے۔

علاوہ بریں جس طرح وجدان کی نگرانی کے لیے حواس و مشاعر کا ضرورت تھی،  اسی طرح حواس کی تصحیح و نگرانی کے لیے عقل کی ضرورت ہوئی۔ حواس کا ذریعہ ادراک نہ صرف محدود ہی ہے،  بلکہ بسا اوقات غلطی و گمراہی سے بھی محطوظ نہیں۔ ہم دور سے ایک چیز دیکھتے  ہیں اور محسوس کرتے ہیں کہ ایک سیاہ نقطے سے زیادہ حجم نہیں رکھتی،  حالانکہ وہ ایک عظیم الشان گنبد ہوتا ہے۔ ہم بیماری حالت میں شہد جیسی میٹھی چیز چکھتے ہیں،  لیکن ہمارا حاسۂ  ذوق یقین دلاتا ہے کہ مزہ کڑوا ہے۔ ہم تالاب میں ایک لکڑی کا عکس دیکھتے ہیں،  لکڑی مستقیم ہوتی ہے،  لیکن عکس میں ٹیڑھی دکھائی دیتی ہے۔ بارہا ایسا ہوتا ہے کہ کسی عارضے کی وجہ سے کان بجنے لگتے ہیں اور ہمیں ایسی صدائیں سنائی دیتی ہیں جن کا خارج میں کوئی وجود نہیں۔ اگر مرتبۂ  حواس سے ایک بلند مرتبہ ہدایت کا وجود نہ ہوتا تو ممکن نہ تھا کہ ہم حواس کی ان درماندگیوں میں حقیقت کا سراغ پا سکتے۔ لیکن ان تمام حالتوں میں عقل کی ہدایت نمودار ہوتی ہے،  وہ حواس کی درماندگیوں میں ہماری رہنمائی کرتی ہے،  وہ ہمیں بتاتی ہے کہ سورج ایک عظیم الشان کرہ ہے،  اگرچہ ہماری آنکھ اسے ایک سنہری تھال سے زیادہ محسوس نہیں کرتی۔ وہ ہمیں بتلاتی ہے کہ شہد کا مزہ ہر حال میں میٹھا ہے اور اگر ہمیں کڑوا محسوس ہوا ہے تو یہ اس لیے ہے کہ ہمارے منہ کا مزہ بگڑ گیا ہے۔ اسی طرح وہ ہمیں بتلاتی ہے کہ بعض اوقات خشکی بڑھ جانے سے کان بجنے لگتے ہیں اور اس حالت میں جو صدائیں سنائی دیتی ہیں وہ خارج کی صدائیں نہیں ہوتیں،  خود ہمارے ہی دماغ کی گونج ہوتی ہے۔

ہدایت فطرت کا چوتھا مرتبہ

لیکن جس طرح وجدان کے بعد حواس کی ہدایت نمودار ہوئی،  کیونکہ وجدان کی ہدایت ایک خاص حد سے آگے نہیں بڑھ سکتی تھی،  اور جس طرح حواس کے بعد عقل کی ہدایت نمودار ہوئی،  کیونکہ حواس کی ہدایت بھی ایک خاص حد سے آگے نہیں بڑھ سکتی تھی،  ٹھیک اسی طرح ہم محسوس کرتے ہیں کہ عقل کی ہدایت کے بعد بھی ہدایت کا کوئی مزید مرتبہ ہونا چاہیے،  کیونکہ عقل کی ہدایت بھی ایک خاص حد سے آگے نہیں بڑھ سکتی اور اس کے دائرہ عمل کے بعد بھی ایک دائرہ باقی رہ جاتا ہے۔ عقل کی کارفرمائی جیسی کچھ اور جتنی کچھ بھی ہے محسوسات کے دائرے میں محدود ہے،  یعنی وہ صرف اسی حد تک کام دے سکتی ہے جس حد تک ہمارے حواس خمسہ معلومات بہم پہنچاتے رہتے ہیں۔ لیکن محسوسات کی سرحد سے آگے کیا ہے ؟ اس پردے کے پیچھے کیا ہے جس سے آگے ہماری چشم حواس نہیں بڑھ سکتی؟ یہاں  پہنچ کر عقل یک قلم درماندہ ہو جاتی ہے،  اس کی ہدایت ہمیں کوئی روشنی نہیں دے سکتی۔

علاوہ بریں جہاں تک انسان کی عملی زندگی کا تعلق ہے،  عقل کی ہدایت نہ تو ہر حال میں کافی ہے،  نہ ہر حال میں مؤثر۔ نفس انسانی طرح طرح کی خواہشوں اور جذبوں سے کچھ اس طرح مقہور واقع ہوا ہے کہ جب کبھی عقل اور جذبات میں کش مکش ہوتی ہے تو اکثر حالتوں میں فتح جذبات ہی کے لیے ہوتی ہے۔ بسا اوقات عقل ہمیں یقین دلاتی ہے کہ فلاں فعل مضر اور مہلک ہے۔ لیکن جذبات ہمیں ترغیب دیتے ہیں اور ہم اس کے ارتکاب سے اپنے آپ کو نہیں روک سکتے۔ عقل کی بڑی سے بڑی دلیل بھی ہمیں ایسا نہیں بنا دے سکتی کہ غصے کی حالت میں بے قابو نہ ہو جائیں اور بھوک کی حالت میں مضر غذا کی طرف ہاتھ نہ بڑھائیں۔

اچھا! اگر خدا کی ربوبیت کے لیے ضروری تھا کہ وہ ہمیں وجدان کے ساتھ حواس بھی دے،  کیونکہ وجدان کی ہدایت ایک خاص حد سے آگے نہیں بڑھ سکتی،  اور اگر ضروری تھا کہ حواس کے ساتھ عقل بھی دے،  کیوں کہ حواس کی ہدایت بھی ایک خاص حد سے آگے نہیں بڑھ سکتی تو کیا ضروری نہ تھا کہ عقل کے ساتھ کچھ اور بھی دے ؟ کیوں کہ عقل کی ہدایت بھی ایک خاص حد سے آگے نہیں بڑھ سکتی اور اعمال کی درستگی و انضباط کے لیے کانی نہیں اگر اس نے وجدان کے ساتھ حواس بھی دیے تاکہ وجدان کی لغزشوں میں نگرانی کریں،  اور حواس کے ساتھ عقل بھی دی تاکہ حواس کی غلطیوں میں قاضی و حاکم ہو تو کیا ضروری نہ تھا کہ عقل کے ساتھ کچھ اور بھی دیتا؟ تاکہ عقل کی درماندگیوں میں رہنما ہوتا اور فیصلہ کن ہوتا۔

قرآن کہتا ہے کہ ضروری تھا،  اور اسی لیے اللہ کی ربوبیت نے انسان کے لیے ایک چوتھے مرتبہ ہدایت کا بھی سامان کر دیا۔ یہی مرتبہ ہدایت ہے جسے وہ وحی و نبوت کی ہدایت سے تعبیر کرتا ہے۔

چنانچہ ہم دیکھتے ہیں اس نے جا بجا ان مراتب ہدایت کا ذکر کیا ہے اور انہیں ربوبیت الٰہی کی سب سے بڑی بخشش و مرحمت قرار دیا ہے :

إِنَّا خَلَقْنَا الْإِنسَانَ مِن نُّطْفَةٍ أَمْشَاجٍ نَّبْتَلِیهِ فَجَعَلْنَاهُ سَمِیعًا بَصِیرًا   ۔    إِنَّا هَدَیْنَاهُ السَّبِیلَ إِمَّا شَاكِرًا وَإِمَّا كَفُورًا (۷۷: ۲،  ۳)

ہم نے انسانوں کو ملے جلے نطفے سے پیدا کیا جسے (ایک کے بعد ایک) مختلف حالتوں میں پلٹتے ہیں،  پھر اسے ایسا بنا دیا کہ سننے والا اور دیکھنے والا وجود ہو گیا۔ ہم نے اس پر راہ عمل کھول دی۔ اب یہ اس کا کام ہے کہ یا تو شکر کرنے والا ہو یا ناشکرا (یعنی یا تو خدا کی دی ہوئی قوتیں ٹھیک ٹھیک کام میں لائے اور فلاح و سعادت کی راہ اختیار کرے یا ان سے کام نہ لے اور گمراہ ہو جائے )۔

أَلَمْ نَجْعَل لَّهُ عَیْنَیْنِ   ۔۔ وَلِسَانًا وَشَفَتَیْنِ  ۔  وَهَدَیْنَاهُ النَّجْدَیْنِ  (۹۰: ۸-۱۰)

کیا ہم نے اسے ایک چھوڑ دو دو آنکھیں نہیں دے دی ہیں (جن سے وہ دیکھتا ہے )۔ اور زبان اور ہونٹ نہیں دیے ہیں (جو گویائی کا ذریعہ ہیں ) اور کیا اس کو ہم نے (سعادت و شقاوت کی) دونوں راہیں نہیں دکھا دیں ؟

وَجَعَلَ لَكُمُ السَّمْعَ وَالْأَبْصَارَ وَالْأَفْئِدَةَ ۙ لَعَلَّكُمْ تَشْكُرُونَ (۱۷:۷۸)

اور اللہ نے تمہارے لیے سننے اور دیکھنے کے حواس پیدا کر دیے اور سوچنے کے لیے دل (یعنی عقل) تاکہ تم شکر گزار ہو (یعنی خدا کی دی ہوئی قوتیں ٹھیک طریقے پر کام میں لاؤ)۔

ان آیات اور ان کی ہم معنی آیات میں حواس اور مشاعر اور عقل و فکر کی ہدایت کی اشارات کیے گئے ہیں،  لیکن وہ تمام مقامات جہاں انسان کی روحانی سعادت کا ذکر کیا گیا ہے،  وحی و نبوت کی ہدایت سے متعلق ہیں،  مثلاً :

إِنَّ عَلَیْنَا لَلْهُدَىٰ ۔   وَإِنَّ لَنَا لَلْآخِرَةَ وَالْأُولَىٰ (۹۲: ۱۲-۱۳)

بلا شبہ یہ ہمارا کام ہے کہ ہم رہنمائی کریں اور یقیناً آخرت اور دنیا دونوں ہمارے ہی لیے ہیں۔

وَأَمَّا ثَمُودُ فَهَدَیْنَاهُمْ فَاسْتَحَبُّوا الْعَمَىٰ عَلَى الْهُدَىٰ (۴۱:۱۷)

اور باقی رہی قوم ثمود تو اسے بھی ہم نے راہ (حق) دکھلا دی تھی،  لیکن اس نے ہدایت کی راہ چھوڑ کر اندھے پن کا شیوہ پسند کیا۔

وَالَّذِینَ جَاهَدُوا فِینَا لَنَهْدِیَنَّهُمْ سُبُلَنَا ۚ وَإِنَّ اللَّهَ لَمَعَ الْمُحْسِنِینَ (۲۹:۷۹)

اور جن لوگوں نے ہماری راہ میں جاں فشانی کی تو ضروری ہے کہ ہم بھی ان پر اپنی راہیں کھول دیں۔ اور بلاشبہ اللہ ان لوگوں کا ساتھی ہے جو نیک عمل ہیں۔



الھُدیٰ


چنانچہ اس سلسلے میں وہ اللہ کی ایک خاص ہدایت کا ذکر کرتا ہے اور اسے "الھدی” کے نام سے پکارتا ہے،  یعنی الف لام تعریف کے ساتھ :

قُلْ إِنَّ هُدَى اللَّهِ هُوَ الْهُدَىٰ ۖ وَأُمِرْنَا لِنُسْلِمَ لِرَبِّ الْعَالَمِینَ (۷:۷۱)

(اے پیغمبر ان سے ) کہہ دو! یقیناً اللہ کی ہدایت تو "الھدی” ہے۔ اور ہم سب کو (اسی بات کا) حکم دیا گیا ہے کہ تمام جہانوں کے پروردگار کے آگے سر عبودیت جھکا دیں۔

وَلَن تَرْضَىٰ عَنكَ الْیَهُودُ وَلَا النَّصَارَىٰ حَتَّىٰ تَتَّبِعَ مِلَّتَهُمْ ۗ قُلْ إِنَّ هُدَى اللَّهِ هُوَ الْهُدَىٰ ۗ(۲:۱۲۰)

اور (یاد رکھو!) یہودی تم سے خوش ہونے والے نہیں جب تک کہ تم ان کی ملت کی پیروی نہ کرو اور یہی حال نصاریٰ کا ہے۔ (اے پیغمبر! تم ان سے ) کہہ دو اللہ کی ہدایت کی راہ تو وہی ہے جو "الھدی” ہے (یعنی ہدایت کی حقیقی اور عالم گیر راہ) یہ "الھدی” یعنی ہدایت کی ایک ہی اور حقیقی راہ کون سی ہے ؟

قرآن کہتا ہے : وحی الٰہی کی عالم گیر ہدایت ہے جو اول دن سے دنیا میں موجود ہے اور بلا تفریق و امتیاز تمام نوع انسان کے لیے ہے۔ وہ کہتا ہے : جس طرح خدا نے وجدان،  حواس اور عقل کی ہدایت میں نہ تو نسل و قوم کا امتیاز رکھا نہ زمان و مکان کا،  اسی طرح اس کی ہدایت وحی بھی ہر طرح کے تفرقے و امتیاز سے پاک ہے۔ وہ سب کے لیے ہے اور سب کو دی گئی ہے۔ اور اس ایک ہدایت کے سوا اور جتنی ہدایتیں بھی انسانوں نے سمجھ رکھی ہیں،  سب انسانی بناوٹ کی راہیں ہیں۔ خدا کی ٹھہرائی ہوئی راہ صرف یہی ایک راہ ہے۔

اسی لیے وہ ہدایت کی ان تمام صورتوں سے یک قلم انکار کرتا ہے جو اس اصل سے منحرف ہو کر طرح طرح کی مذہبی گروہ بندیوں اور مخالف ٹولیوں میں بٹ گئی ہیں اور سعادت و نجات کی عالم گیر حقیقت خاص خاص گروہوں اور حلقوں کی میراث بنا لی گئی ہے۔ وہ کہتا ہے : انسانی بناوٹ کی یہ الگ الگ راہیں ہدایت کی راہ نہیں ہو سکتیں۔ ہدایت کی راہ تو وہی عالم گیر ہدایت کی راہ ہے۔ اسی عالم گیر ہدایت وحی کو وہ "الدین” کے نام سے پکارتا ہے،  یعنی نوع انسانی کے لیے حقیقی دین،  اور اسی کا نام اس کی زبان میں "الاسلام” ہے۔



وحدت دین کی اصل عظیم اور قرآن حکیم


یہ اصل عظیم قرآن کی دعوت کی سب سے پہلی بنیاد ہے۔ وہ جو کچھ بھی بتانا چاہتا ہے تمام تر اسی اصل پر مبنی ہے۔ اگر اس اصل سے قطع نظر کر لی جائے تو اس کا تمام کارخانہ دعوت درہم برہم ہو جائے۔ لیکن تاریخ عالم کی عجائب تصرفات میں سے یہ واقعہ بھی سمجھنا چاہیے کہ جس درجہ قرآن نے اس اصل پر زور دیا تھا،  اتنا ہی زیادہ دنیا کی نگاہوں نے اس سے اعراض کیا حتی کہ کہا جا سکتا ہے : آج قرآن کی کوئی بات بھی دنیا کی نظروں سر سے اس درجہ پوشیدہ نہیں ہے جس قدر کہ یہ اصل عظیم۔ اگر ایک شخص ہر طرح کے خارجی اثرات سے خالی الذہن ہو کر قرآن کا مطالعہ کرے اور اس کے صفحات میں جا بجا اس اصل عظیم کے قطعی اور واضح اعلانات پڑھے اور پھر دنیا کی طرف نظر اٹھائے جو قرآن کی حقیقت اس سے زیادہ نہیں سمجھتی کہ بہت سی مذہبی گروہ بندیوں کی طرح وہ بھی ایک مذہبی گروہ بندی ہے تو یقیناً وہ حیران ہو کر پکار اٹھے گا : یا تو اس کی نگاہیں اسے دھوکا دے رہی ہیں یا دنیا ہمیشہ آنکھیں کھولے بغیر ہی اپنے فیصلے صادر کیا کرتی ہے۔



دین کی حقیقت اور قرآن کی تصریحات


اس حقیقت کی توضیح کے لیے ضروری ہے کہ ایک مرتبہ تفصیل کے ساتھ یہ بات واضح کر دی جائے کہ جہاں تک وحی و نبوت کا یعنی دین کا تعلق ہے،  قرآن کی دعوت کیا ہے اور کس راہ کی طرف نوع انسانی کو لے جانا چاہتی ہے ؟



جمعیت بشری کی ابتدائی وحدت،  پھر اختلاف اور ہدایت وحی کا ظہور


اس باب میں قرآن نے جو کچھ بیان کیا ہے اس کا خلاصہ حسب ذیل ہے۔

وہ کہتا ہے : ابتدا میں انسانی جمعیت کا یہ حال تھا کہ لوگ قدرتی زندگی بسر کرتے تھے اور ان میں نہ تو کسی طرح کا باہمی اختلاف تھا نہ کسی طرح کی مخاصمت۔ سب کی زندگی ایک ہی طرح کی تھی اور سب اپنی قدرتی یگانگت پر قانع تھے۔ پھر ایسا ہوا کہ نسل انسانی کی کثرت اور ضروریات معیشت کی وسعت سے طرح طرح کی اختلافات پیدا ہو گئے اور اختلافات نے تفرقہ و انقطاع اور ظلم و فساد کی صورت اختیار کر لی۔ ہر گروہ دوسرے گروہ سے نفرت کرنے لگا اور ہر زبردست زیردست کے حقوق پامال کرنے لگا۔ جب یہ صورت حال پیدا ہوئی تو ضروری ہوا کہ نوع انسانی کی ہدایت اور عدل و صداقت کے قیام کے لیے وحی الٰہی کی روشنی نمودار ہو۔ چنانچہ یہ روشنی نمودار ہوئی اور خدا کی رسولوں کی دعوت و تبلیغ کا سلسلہ قائم ہو گیا۔ وہ ان تمام رہنماؤں کو جن کے ذریعے اس ہدایت کا سلسلہ قائم ہوا "رسول” سے تعبیر کرتا ہے،  کیونکہ وہ خدا کی سچائی کا پیغام پہنچانے والے تھے اور "رسول” کے معنی پیغام پہنچانے والے ہیں :

وَمَا كَانَ النَّاسُ إِلَّا أُمَّةً وَاحِدَةً فَاخْتَلَفُوا ۚ وَلَوْلَا كَلِمَةٌ سَبَقَتْ مِن رَّبِّكَ لَقُضِیَ بَیْنَهُمْ فِیمَا فِیهِ یَخْتَلِفُونَ (۱۰:۱۹)

اور ابتدا میں تمام انسانوں کا ایک ہی گروہ تھا (الگ الگ گروہوں میں متفرق نہ تھے ) پھر ایسا ہوا کہ وہ باہم دگر مختلف ہو گئے۔ اور اگر اس بارے میں تمہارے پروردگار نے پہلے سے ایک فیصلہ نہ کر دیا ہوتا (یعنی یہ کہ انسانوں میں اختلاف ہو گا اور مختلف راہیں لوگ اختیار کریں گے ) تو جن باتوں میں لوگ اختلاف کرتے ہیں،  ان کا (یہیں دنیا میں ) فیصلہ صادر کر دیا جاتا۔

كَانَ النَّاسُ أُمَّةً وَاحِدَةً فَبَعَثَ اللَّهُ النَّبِیِّینَ مُبَشِّرِینَ وَمُنذِرِینَ وَأَنزَلَ مَعَهُمُ الْكِتَابَ بِالْحَقِّ لِیَحْكُمَ بَیْنَ النَّاسِ فِیمَا اخْتَلَفُوا فِیهِ ۚ(۲:۲۱۳)

ابتدا میں تمام انسان ایک ہی گروہ تھے (پھر ان میں اختلاف پیدا ہوا) پس اللہ نے (یکے بعد دیگرے ) نبیوں کو مبعوث کیا۔ وہ (نیک عملی کے نتائج) بشارت دیتے اور (بد عملی کے نتائج سے ) متنبہ کرتے۔ میزان کے ساتھ "الکتاب” (یعنی وحی الٰہی سے لکھی جانے والی تعلیم) نازل کی،  تاکہ جن باتوں میں لوگ اختلاف کرنے لگے تھے،  ان میں وہ فیصلہ کر دینے والی ہو۔

عموم ہدایت


یہ ہدایت کسی خاص ملک و قوم یا عہد کے لئے مخصوص نہ تھی،  بلکہ تمام نوع انسانی کے لیے تھی۔ چنانچہ ہر زمانے اور ہر ملک میں یکساں طور پر اس کا ظہور ہوا۔ قرآن کہتا ہے : دنیا کا کوئی گوشہ نہیں جہاں نسل انسانی آباد ہوئی ہو اور خدا کا کوئی رسول مبعوث نہ ہوا ہو :

وَإِن مِّنْ أُمَّةٍ إِلَّا خَلَا فِیهَا نَذِیرٌ (۳۵:۲۴)

اور کوئی قوم دنیا کی ایسی نہیں جس میں (بد عملیوں کے نتائج سے ) متنبہ کرنے والا (خدا کا کوئی رسول) نہ گزرا ہو۔

إِنَّمَا أَنتَ مُنذِرٌ ۖ وَلِكُلِّ قَوْمٍ هَادٍ (۱۳:۷)

(اے پیغمبر!) بلا شبہ تم اس کے سوا اور کیا ہو کہ (بد عملیوں کے نتائج سے ) متنبہ کرنے والے ہو اور دنیا میں ہر قوم کے لیے ایک ہدایت کرنے والا ہوا ہے۔

وَلِكُلِّ أُمَّةٍ رَّسُولٌ ۖ فَإِذَا جَاءَ رَسُولُهُمْ قُضِیَ بَیْنَهُم بِالْقِسْطِ وَهُمْ لَا یُظْلَمُونَ (۴۷)

اور ہر قوم کے لیے ایک رسول ہے۔ پس جب رسول ظاہر ہوتا ہے تو تمام باتوں کا انصاف کے ساتھ فیصلہ کر دیا جاتا ہے۔

نسل انسانی کے ابتدائی عہد اور خدا کے رسول


وہ کہتا ہے : نسل انسانی کے ابتدائی عہدوں میں کتنے ہی پیغمبر گزرے ہیں جو یکے بعد دیگرے مبعوث ہوئے اور قوموں کو پیغام حق پہنچایا :

وَكَمْ أَرْسَلْنَا مِن نَّبِیٍّ فِی الْأَوَّلِینَ (۷)

اور کتنے ہی نبی ہیں جو ہم نے پہلوں میں (یعنی ابتدائی عہد کی قوموں میں ) مبعوث کیے۔

عدل الٰہی اور بعثت رسول


وہ کہتا ہے : یہ بات عدل الٰہی کے خلاف ہے کہ ایک گروہ اپنے اعمال بد کے لیے  جواب دہ ٹھہرایا جائے،  حالانکہ اس کی ہدایت کے لیے کوئی رسول نہ بھیجا گیا ہو :

وَمَا كُنَّا مُعَذِّبِینَ حَتَّىٰ نَبْعَثَ رَسُولًا (۱۵)

اور (ہمارا قانون یہ ہے کہ ) جب تک ہم ایک پیغمبر مبعوث کر کے راہ ہدایت دکھا نہ دیں،  اس وقت تک (پاداش عمل میں ) عذاب دینے والے نہیں۔

وَمَا كَانَ رَبُّكَ مُهْلِكَ الْقُرَىٰ حَتَّىٰ یَبْعَثَ فِی أُمِّهَا رَسُولًا یَتْلُو عَلَیْهِمْ آیَاتِنَا ۚ وَمَا كُنَّا مُهْلِكِی الْقُرَىٰ إِلَّا وَأَهْلُهَا ظَالِمُونَ (۵۹)

اور (یاد رکھو!) تمہارے پروردگار کا قانون یہ ہے کہ وہ کبھی انسان کی بستیوں کو (پاداش عمل میں ) ہلاک نہیں کرتا،  جب تک کہ ان میں ایک پیغمبر مبعوث نہ کر دے اور وہ خدا کی آیتیں پڑھ کر نہ سنا دے،  اور ہم کبھی بستیوں کو ہلاک کرنے والے نہیں،  مگر صرف اسی حالت میں کہ ان کے باشندوں نے ظلم کا شیوہ اختیار کر لیا ہو۔

بعض رسولوں کا ذکر کیا گیا،  بعض کا نہیں کیا گیا
خدا کے ان رسولوں اور دین الٰہی کے داعیوں میں سے بعض کا ذکر قرآن میں کیا گیا ہے،  بعض کا نہیں کیا گیا :

وَلَقَدْ أَرْسَلْنَا رُسُلًا مِّن قَبْلِكَ مِنْهُم مَّن قَصَصْنَا عَلَیْكَ وَمِنْهُم مَّن لَّمْ نَقْصُصْ عَلَیْكَ ۗ(۴۰:۷۸)

اور (اے پیغمبر!) ہم نے تم سے پہلے کتنے ہی پیغمبر مبعوث کیے۔ ان میں سے کچھ ایسے ہیں جن کے حالات تمہیں سنائے ہیں اور کچھ ایسے ہیں جن کے حالات نہیں سنائے (یعنی قرآن میں ان کا ذکر نہیں کیا گیا)

بے شمار قومیں اور بے شمار رسول


قوم نوح اور عاد و ثمود کے بعد کتنی ہی قومیں گزر چکی ہیں جن کا ٹھیک ٹھیک حال اللہ کو معلوم ہے :

أَلَمْ یَأْتِكُمْ نَبَأُ الَّذِینَ مِن قَبْلِكُمْ قَوْمِ نُوحٍ وَعَادٍ وَثَمُودَ ۛ وَالَّذِینَ مِن بَعْدِهِمْ ۛ لَا یَعْلَمُهُمْ إِلَّا اللَّهُ ۚ جَاءَتْهُمْ رُسُلُهُم بِالْبَیِّنَاتِ فَرَدُّوا أَیْدِیَهُمْ فِی أَفْوَاهِهِمْ (۱۴:۹)

تم سے پہلے جو قومیں گزر چکی ہیں،  کیا تم تک ان کی خبر نہیں پہنچی؟ قوم نوح،  قوم عاد،  قوم ثمود اور وہ قومیں جو ان کے بعد ہوئیں۔ جن کی ٹھیک ٹھیک تعداد اللہ ہی کو معلوم ہے۔ ان سب میں ان کے پیغمبر سچائی کی روشنیوں کے ساتھ مبعوث ہوئے،  مگر انہوں نے جہل اور سرکشی سے ان کی تعلم انہیں پر لوٹا دی اور کان دھرنے سے انکار کر دیا۔

ہدایت ہمیشہ ایک ہی رہی اور وہ ایمان اور عمل صالح کی دعوت کے سوا کچھ نہ تھی


فطرت الٰہی کی راہ کائنات ہستی کے ہر گوشے میں ایک ہی ہے۔ وہ نہ تو ایک سے زیادہ ہو سکتی ہے نہ باہم دگر مختلف۔ پس ضروری تھا کہ یہ ہدایت بھی اول دن سے ایک ہی ہوتی اور ایک ہی طرح پر تمام انسانوں کو مخاطب کرتی۔ چنانچہ قرآن کہتا ہے : خدا کے جتنے پیغامبر پیدا ہوئے،  خواہ کسی زمانے اور کسی گوشے میں ہوئے ہوں،  سب کی راہ ایک ہی تھی اور سب خدا کے ایک ہی عالم گیر قانون سعادت کی تعلیم دینے والے تھے۔ یہ عالم گیر قانون سعادت کیا ہے ؟ ایمان اور عمل صالح کا قانون ہے۔ یعنی ایک پروردگار عالم کی پرستش کرنی اور نیک عملی کی زندگی بسر کرنی۔ اس کے علاوہ اور اس کے خلاف جو کچھ بھی دین کے نام سے کہا جاتا ہے،  دین حقیقی کی تعلیم نہیں ہے :

وَلَقَدْ بَعَثْنَا فِی كُلِّ أُمَّةٍ رَّسُولًا أَنِ اعْبُدُوا اللَّهَ وَاجْتَنِبُوا الطَّاغُوتَ ۖ(۱۷:۳۷)

اور بلا شبہ ہم نے دنیا کی ہر قوم میں ایک پیغمبر مبعوث کیا (جس کی تعلیم یہ تھی) کہ اللہ کی عبادت کرو اور طاغوت سے (یعنی سرکش اور شریر قوتوں کے اغوا سے ) اجتناب کرو۔

وَمَا أَرْسَلْنَا مِن قَبْلِكَ مِن رَّسُولٍ إِلَّا نُوحِی إِلَیْهِ أَنَّهُ لَا إِلَٰهَ إِلَّا أَنَا فَاعْبُدُونِ (۲۱:۲۵)

اور (اے پیغمبر!) ہم نے تم سے پہلے کوئی رسول دنیا میں نہیں بھیجا مگر اس وحی کے ساتھ کہ میرے سوا کوئی معبود نہیں،  پس میری ہی عبادت کرو۔

سب نے ایک ہی دین پر اکٹھے رہنے اور تفرقہ و اختلاف سے بچنے کی تعلیم دی

وہ کہتا ہے : دنیا میں کوئی بانی مذہب بھی ایسا نہیں ہوا ہے جس نے ایک ہی دین پر اکٹھے رہنے اور تفرقہ و اختلاف سے بچنے کی تعلیم نہ دی ہو۔ سب کی تعلیم یہی تھی کہ خدا کا دین بچھڑے ہوئے انسانوں کو جمع کر دینے کے لیے ہے۔ الگ الگ کر دینے کے لیے نہیں ہے۔ پس ایک پروردگار عالم کی بندگی و نیاز میں سب متحد ہو جاؤ اور تفرقہ و مخاصمت کی جگہ باہمی محبت و یک جہتی کی راہ اختیار کرو۔

وَإِنَّ هَٰذِهِ أُمَّتُكُمْ أُمَّةً وَاحِدَةً وَأَنَا رَبُّكُمْ فَاتَّقُونِ (۲۳:۵۲)

اور (دیکھو!)یہ تمہاری امت فی الحقیقت ایک ہی امت ہے اور میں تم سب کا پروردگار ہوں،  پس (میری عبودیت و نیاز کی راہ میں تم سب ایک ہو جاؤ اور) نافرمانی سے بچو۔

وہ کہتا ہے : خدا نے تمہیں ایک ہی جامہ انسانیت دیا تھا،  لیکن تم نے طرح طرح کے بھیس اور نام اختیار کر لیے اور رشتہ انسانیت کی وحدت سینکڑوں ٹکڑوں میں بکھر گئی۔ تمہاری نسلیں بہت سی ہیں،  اس لیے تم نسل کے نام پر ایک دوسرے سے الگ ہو گئے ہو۔ تمہارے وطن بہت سے بن گئے ہیں۔ اس لیے اختلاف وطن کے نام پر ایک دوسرے سے لڑ رہے ہو۔ تمہاری قومیتیں بیشمار ہیں،  اس لیے ہر قوم دوسری قوم سے دست و گریباں ہو رہی ہے۔ تمہارے رنگ یکساں نہیں اور یہ بھی باہمی نفرت و عناد کا ایک بڑا ذریعہ بن گیا ہے۔ تمہاری بولیاں مختلف ہیں اور یہ بھی ایک دوسرے سے جدر رہنے کی بہت بڑی حجت بن گئی ہے۔ پھر ان کے علاوہ امیر و فقیر،  نوکر و آقا،  وضیع و شریف،  ضعیف و قوی،  ادنیٰ و اعلیٰ بے شمار اختلاف پیدا کر لیے گئے ہیں اور سب کا منشا یہی ہے کہ ایک دوسرے سے جدا ہو جاؤ اور ایک دوسرے سے نفرت کرتے رہو۔ ایسی حالت میں بتلاؤ وہ رشتہ کون سا رشتہ ہے جو اتنے اختلافات رکھنے پر بھی انسانوں کو ایک دوسرے سے جوڑ دے اور انسانیت کا بچھڑا ہوا گھرانا پھر از سر نو آباد ہو جائے ؟ وہ کہتا ہے : صرف ایک رشتہ ہے۔ تم کتنے ہی الگ الگ ہو گئے ہو،  لیکن تمہارے خدا الگ الگ نہیں ہو جا سکتے۔ تم سب ایک ہی پروردگار کے بندے ہو۔ تم بیشمار اختلافات رکھنے پر بھی ایک ہی رشتہ عبودیت میں جکڑے ہوئے ہو۔ تمہاری کوئی نسل ہو،  تمہارا کوئی وطن ہو،  تمہاری کوئی قومیت ہو،  تم کسی درجے میں اور کسی حلقے کے انسان ہو،  لیکن جب ایک ہی پروردگار کے آگے سر نیاز جھکا دو گے تو یہ آسمانی رشتہ تمہارے تمام ارضی اختلافات مٹا دے گا۔ تم سب کے بچھڑے ہوئے دل ایک دوسرے سے جڑ جائیں گے۔ تم محسوس کرو گے کہ تمام دنیا تمہارا وطن ہے،  تمام نسل انسانی تمہارا گھرانا ہے اور تم سب ایک ہی "رب العٰلمین” کی عیال ہو۔

چنانچہ وہ کہتا ہے : خدا کے جتنے رسول بھی پیدا ہوئے،  سب کی تعلیم یہی تھی کہ "الدین” پر یعنی بنی نوع انسانی کے ایک ہی عالم گیر دین پر قائم رہو اور اس راہ میں ایک دوسرے سے الگ الگ نہ ہو جاؤ :

شَرَعَ لَكُم مِّنَ الدِّینِ مَا وَصَّىٰ بِهِ نُوحًا وَالَّذِی أَوْحَیْنَا إِلَیْكَ وَمَا وَصَّیْنَا بِهِ إِبْرَاهِیمَ وَمُوسَىٰ وَعِیسَىٰ ۖ أَنْ أَقِیمُوا الدِّینَ وَلَا تَتَفَرَّقُوا فِیهِ ۚ(۴۲:۱۳)

اور (دیکھو!) اس نے تمہارے لیے دین کی وہی راہ قرار دی ہے جس کی وصیت نوح کو کی گئی تھی اور جس پر چلنے کا حکم ابراہیم،  موسیٰ اور عیسیٰ کو دیا تھا۔ (ان سب کی تعلیم یہی تھی) کہ الدین (یعنی خدا کا ایک ہی دین) قائم رکھو اور اس راہ میں الگ الگ نہ ہو جاؤ۔

قرآن کی تحدی،  کہ اس حقیقت کے خلاف کوئی مذہبی تعلیم اور روایت نہیں پیش کی جا سکتی ہے۔

اسی بنا پر وہ بطور ایک دلیل کے اس بات پر زور دیتا ہے کہ اگر تمہیں میری تعلیم کی سچائی سے انکار ہے تو کسی مذہب کی الہامی کتاب سے بھی ثابت کر دکھاؤ کہ دین حقیقی کی راہ اس کے سوا کچھ اور بھی ہو سکتی ہے۔ تم جس مذہب کی بھی حقیقی تعلیم دیکھو گے،  اصل و بنیاد یہی ملے گی،

قُلْ هَاتُوا بُرْهَانَكُمْ ۖ هَٰذَا ذِكْرُ مَن مَّعِیَ وَذِكْرُ مَن قَبْلِی ۗ بَلْ أَكْثَرُهُمْ لَا یَعْلَمُونَ الْحَقَّ ۖ فَهُم مُّعْرِضُونَ   ۔  وَمَا أَرْسَلْنَا مِن قَبْلِكَ مِن رَّسُولٍ إِلَّا نُوحِی إِلَیْهِ أَنَّهُ لَا إِلَٰهَ إِلَّا أَنَا فَاعْبُدُونِ (۲۱: ۲۴-۲۵)

(اے پیغمبر! ان سے ) کہہ دو: (اگر تمہیں میری تعلیم سے انکار ہے تو) اپنی دلیل پیش کرو۔ یہ تعلیم موجود ہے جس پر میرے ساتھ یقین رکھتے ہیں اور اسی طرح وہ تمام تعلیمیں بھی موجود ہیں جو مجھ سے پہلے قوموں کو دی گئیں (تم ثابت کر دکھاؤ کسی نے بھی میری تعلیم کے خلاف تعلیم دی ہو)۔ اصل یہ ہے کہ ان (منکرین حق) میں اکثر آدمی ایسے ہیں جنہیں سرے سے امر حق کی خبر ہی نہیں اور اس لیے حقیقت کی طرف منہ موڑے ہوئے ہیں۔ (اے پیغمبر! یقین کر) ہم نے تجھ سے پہلے کوئی پیغمبر بھی ایسا نہیں بھیجا جسے اس بات کے سوا کوئی دوسری بات بتلائی گئی ہو کہ میرے سوا کوئی معبود نہیں،  پس میری ہی عبادت کرو۔

اتنا ہی نہیں،  بلکہ وہ کہتا ہے : علم و بصیرت کے کسی قول اور روایت سے تم ثابت کر دکھاؤ کہ جو کچھ میں بتلا رہا ہوں،  یہی تمام پچھلی دعوتوں کی تعلیم نہیں رہی ہے۔

ائْتُونِی بِكِتَابٍ مِّن قَبْلِ هَٰذَا أَوْ أَثَارَةٍ مِّنْ عِلْمٍ إِن كُنتُمْ صَادِقِینَ (۴۷:۴)

اگر تم (اپنے انکار میں ) سچے ہو تو (ثبوت میں ) کوئی کتاب پیش کرو جو اب سے پہلے نازل ہوئی ہو یا (کم از کم) علم و بصیرت کی کوئی پچھلی روایت ہی لا دکھاؤ جو تمہارے پاس موجود ہو۔

تمام مقدس کتابوں کی باہم دگر تصدیق اور اس سے قرآن کا استدلال

اسی بناء پر وہ تمام مذاہب عالم کی باہم دگر تصدیق کو بھی بطور ایک دلیل کے پیش کرتا ہے۔ یعنی وہ کہتا ہے : ان میں سے ہر تعلیم دوسری تعلیم کی تصدیق کرتی ہے،  جھٹلاتی نہیں۔ اور جب ہر تعلیم دوسری تعلیم کی تصدیق کرتی ہے تو اس سے معلوم ہوا ان تمام تعلیمات کے اندر کوئی ایک ہی ثابت و قائم حقیقت ضرور کام کر رہی ہے،  کیونکہ اگر مختلف وقتوں،  مختلف گوشوں،  مختلف قوموں،  مختلف ناموں،  مختلف پیرایوں اور مختلف زبانوں سے کوئی بات کہی گئی ہو اور باوجود ان تمام اختلافات کے بات ہمیشہ ایک ہی ہو اور ایک ہی مقصد پر زور دیتی ہو قدرتی طور پر تمہیں ماننا پڑے گا کہ ایسی بات اصلیت سے خالی نہیں ہو سکتی :

نَزَّلَ عَلَیْكَ الْكِتَابَ بِالْحَقِّ مُصَدِّقًا لِّمَا بَیْنَ یَدَیْهِ وَأَنزَلَ التَّوْرَاةَ وَالْإِنجِیلَ  ۔  مِن قَبْلُ هُدًى لِّلنَّاسِ (۳: ۳-۴)

(اے پیغمبر!) اللہ نے تم پر یہ کتاب سچائی کے ساتھ نازل کی ہے جو ان کتابوں کی تصدیق کرتی ہے جو اس سے پہلے نازل ہو چکی ہیں۔ اور اسی طرح لوگوں کی ہدایت کے لیے اس نے تورات اور انجیل نازل کی تھی۔

وَآتَیْنَاهُ الْإِنجِیلَ فِیهِ هُدًى وَنُورٌ وَمُصَدِّقًا لِّمَا بَیْنَ یَدَیْهِ مِنَ التَّوْرَاةِ  (۵:۴۷)

اور ہم نے عیسیٰ کو انجیل عطا کی،  اس میں انسان کے لیے ہدایت اور روشنی ہے،  اور اس سے پہلے جو تورات نازل ہو چکی تھی وہ اس کی تصدیق کرتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ہم دیکھتے ہیں اس کے بیان و موعظت کا ایک بڑا موضوع پچھلے عہدوں کی ہدایتوں اور رسالتوں کا تذکرہ ہے۔ وہ ان کی یکسانی،  ہم آہنگی اور وحدت تعلیم سے مذہبی صداقت کے تمام مقاصد پر استشہاد کرتا ہے۔

                   "الدین” اور "الشرع”


ادیان کا اختلاف



اچھا! اگر تمام نوع انسانی کے لیے دین ایک ہی ہے اور تمام بانیان مذاہب نے ایک ہی اصل و قانون کی تعلیم دی ہے تو پھر مذاہب کا اختلاف کیوں ہوا؟ کیوں تمام مذہبوں میں ایک ہی طرح کے احکام،  ایک ہی طرح کے اعمال،  ایک ہی طرح کے رسوم و ظواہر نہ ہوئے ؟ کسی مذہب میں عبادت کی ایک خاص شکل اختیار کی گئی ہے۔ کسی میں دوسری،  کسی مذہب کے ماننے والے دوسری طرف۔ کسی کے ہاں احکام و قوانین ایک خاص طرح کی نوعیت کے ہیں،  کسی کے ہاں دوسری طرح کے۔

اختلاف دین میں نہیں ہوا،  شرع و منہاج میں ہوا اور یہ ناگزیر تھا


قرآن کہتا ہے : مذاہب کا اختلاف دو طرح کا ہے۔ ایک اختلاف تو وہ ہے جو پیروان مذاہب نے مذہب کی حقیقی تعلیم سے منحرف ہو کر پیدا کر لیا ہے۔ یہ اختلاف مذاہب کا اختلاف نہیں ہے،  پیروان مذہب کی گم راہی کا نتیجہ ہے۔ دوسرا اختلاف وہ ہے جو فی الحقیقت مذاہب کے احکام و اعمال میں پایا جاتا ہے۔ مثلاً ایک مذہب میں عبادت کی کوئی خاص شکل اختیار کی گئی ہے،  دوسرے میں کوئی دوسری شکل تو یہ اختلاف اصل و حقیقت کا اختلاف نہیں ہے،  محض فروع و ظواہر کا اختلاف ہے اور ضروری تھا کہ ظہور میں آتا۔

وہ کہتا ہے : مذاہب کی تعلیم دو قسم کی باتوں سے مرکب ہے۔ ایک قسم تو وہ ہے جو ان کی روح و حقیقت ہے،  دوسری وہ ہے جن سے ان کی ظاہری شکل و صورت آراستہ کی گئی ہے۔ پہلی چیز اصل ہے،  دوسری فرع ہے۔ پہلی چیز کو وہ "دین” سے تعبیر کرتا ہے،  دوسری کو "شرع” اور "نسک” سے اور اس کے لیے "منہاج” کا لفظ بھی استعمال کیا گیا ہے۔ "شرع” اور "منہاج” کے معنے راہ کے ہیں اور "نسک” سے مقصود عبادت کا طور طریقہ ہے۔ پھر اصطلاح میں "شرع” قانون مذہب کو کہنے لگے اور "نسک” عبادت کو،  وہ کہتا ہے : مذاہب میں جس قدر بھی اختلاف ان کا اصلی اختلاف ہے،  وہ "دین” کا اختلاف نہیں،  محض شرع و منہاج کا اختلاف ہے،  یعنی اصل کا نہیں فرع کا ہے،  حقیقت کا نہیں ہے ظواہر کا ہے،  روح کا نہیں ہے صورت کا ہے اور ضروری تھا کہ یہ اختلاف ظہور میں آتا۔ مذہب کا مقصود انسانی جمعیت کی سعادت و اصلاح ہے،  لیکن انسانی جمعیت کے احوال و ظروف ہر عہد اور ہر ملک میں یکساں نہیں رہے ہیں اور نہ یکساں رہ سکتے تھے۔ کسی زمانے کی معاشرتی اور ذہنی استعداد ایک خاص طرح کی نوعیت رکھتی تھی،  کسی زمانے میں ایک خاص طرح کی۔ کسی ملک کے حالات ایک خاص طرح کی معیشت چاہتے تھے،  کسی دوسرے ملک کے حالات دوسری طرح کی۔ پس جب مذہب کا ظہور جیسے زمانے میں اور جیسی استعداد و طبیعت کے لوگوں میں ہوا،  اسی کے مطابق شرع و منہاج کی صورت بھی اختیار کی گئی۔ جس عہد اور جس ملک میں جو صورت اختیار کی گئی وہی اس کے لیے موزوں تھی۔ اس لیے ہر صورت اپنی جگہ بہتر اور حق ہے۔ اور یہ اختلاف اس سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتا جتنی اہمیت نوع بشری کے تمام معاشرتی اور طبعی اختلافات کو دی جا سکتی ہے :

لِّكُلِّ أُمَّةٍ جَعَلْنَا مَنسَكًا هُمْ نَاسِكُوهُ ۖ فَلَا یُنَازِعُنَّكَ فِی الْأَمْرِ ۚ وَادْعُ إِلَىٰ رَبِّكَ ۖ إِنَّكَ لَعَلَىٰ هُدًى مُّسْتَقِیمٍ (۲۲:۷۷)

(اے پیغمبر!) ہم نے ہر گروہ کے لیے عبادت کا ایک خاص طور طریقہ ٹھہرا دیا ہے جس پر وہ چلتا ہے۔ پس لوگوں کو چاہیے اس معاملے میں تم سے جھگڑا نہ کریں۔ تم لوگوں کو اپنے پروردگار کی طرف دعوت دو،  یقیناً تم ہدایت کے سیدھے راستے پر گامزن ہو۔

تحویل قبلہ کا معاملہ اور قرآن کا اعلان حقیقت


جب تحویل قبلہ کا معاملہ پیش آیا،  یعنی پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و سلم بیت المقدس کی جگہ خانہ کعبہ کر طرف منہ کر کے نماز پڑھنے لگے تو یہ بات یہودیوں اور عیسائیوں پر بہت شاق گزری،  ان کے نزدیک مذہب کا تمام دار و مدار اسی طرح کی ظاہری اور فروعی باتوں پر تھا اور انہیں کو وہ حق و باطل کا معیار سمجھتے تھے۔ لیکن ہم دیکھتے ہیں قرآن نے اس معاملے کو بالکل دوسری ہی نظر سے دیکھتا ہے۔ وہ کہتا ہے : تم اس طرح کی باتوں کو اس قدر اہمیت کیوں دیتے ہو؟ یہ نہ تو حق و باطل کا معیار ہیں نہ مذہب کی اصل حقیقت میں انہیں کوئی دخل ہے،  ہر مذہب نے اپنے اپنے حالات و مقتضیات کے مطابق کوئی ایک طریقہ عبادت کا اختیار کر لیا تھا اور اس پر لوگ کاربند ہو گئے۔ مقصود اصلی سب کا ایک ہی ہے اور وہ خدا پرستی اور نیک عملی ہے۔ پس جو شخص سچائی کا طلب گار ہے،  اسے چاہیے کہ اصل مقصود پر نظر رکھے اور اسی کے لحاظ سے ہر بات کو جانچے پرکھے،  ان باتوں کو حق و باطل کا معیار نہ بنا لے :

وَلِكُلٍّ وِجْهَةٌ هُوَ مُوَلِّیهَا ۖ فَاسْتَبِقُوا الْخَیْرَاتِ ۚ أَیْنَ مَا تَكُونُوا یَأْتِ بِكُمُ اللَّهُ جَمِیعًا ۚ إِنَّ اللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَیْءٍ قَدِیرٌ (۲:۱۴۸)

اور (دیکھو!) ہر گروہ کے لیے کوئی نہ کوئی سمت ہے جس کی طرف عبادت کرتے ہوئے وہ اپنا منہ کر لیتا ہے،  پس (اس معاملے کو اس قدر طول نہ دو) نیکی کی راہ میں ایک دوسرے سے آگے بڑھ جانے کی کوشش کرو (کہ اصلی کام یہی ہے )۔ تم کسی جگہ بھی ہو اللہ تم سب کو پا لے گا،  یقیناً اللہ کی قدرت سے کوئی چیز باہر نہیں۔

قرآن کے نزدیک دین کے اعتقاد و عمل کی اصلی باتیں کیا کیا ہیں ؟


پھر اسی  سورت میں آگے چل کر صاف صاف لفظوں میں واضح کر دیا ہے کہ اصل دین کیا ہے اور کن باتوں سے ایک انسان دین کی سعادت و فلاح حاصل کر سکتا ہے ؟ وہ کہتا ہے : دین محض اس طرح کی باتوں میں نہیں دھرا ہے کہ ایک شخص نے عبادت کے وقت پچھم کی طرف منہ کر لیا یا پورب کی طرف۔ اصل دین تو یہ ہے کہ دیکھا جائے خدا پرستی اور نیک عملی کے لحاظ سے ایک انسان کیا ہے 

یہ بھی پڑھیں !