69۔ سورۃ الحاقۃ : تعارف، مضامین اور مطالب کا تجزیہ - مولانا امین احسن اصلاحی

 ا۔  سورۃ کا عمود اور نظام
اس سورۃ پر تدبر کی نظرڈالیے تو اس میں اور سابق گروپ کی سورۂ واقعہ میں مختلف پہلوئوں سے بڑی گہری مشابہت نظر آئے گی، مثلاً ۔
دونوں میں قیامت کا اثبات اور اس کے ہول کی تصویر ہے ۔
دونوں میں اصحاب الیمین اور اصحاب الشمال کے انجام کی تفصیل ہے ۔
دونوں میں قرآن مجید کی صداقت و حقانیت پر قسم کھائی گئی ہے ۔
سابق سورۃ القلم سے بھی اس کو بڑی گہری مناسبت ہے۔ اس کا عمود وہی ہے جو سابق سورۃ کا ہے یعنی اثبات عذاب و قیامت البتہ نہج استدلال دونوں میں الگ الگ ہے۔ قرآن کی عظمت و صداقت جس طرح سابق سورۃ میں واضح کی گئی ہے اور اس کی تکذیب کے نتائج سے ڈرایا گیا ہے اسی طرح اس سورۃ میں بھی یہی مضمون زیر بحث آیا ہے۔ بس یہ فرق ہے کہ سابق سورۃ میں یہ مضمون تمہید کی حیثیت سے ہے اور اس سورۃ میں خاتمہ کے طور پر اور تذکیر و تعلیم کے پہلو سے ان دونوں اسلوبوں کی اہمیت الگ الگ ہے ۔
ب۔ سورۃ کے مطالب کا تجزیہ
سورہ کے مطالب کی ترتیب اس طرح ہے ۔
(١۔ ١٢) تکذیب رسول کے نتیجہ میں عذاب اور قیامت کے شدنی اور اٹل ہونے پر رسولوں اور ان کی قوموں کی تاریخ کی گواہی ۔
(١٣۔ ١٨) ہول قیامت کی تصویر ۔
(١٩۔ ٣٧٠) اصحاب الیمین اور اصحاب الشمال کے انجام کی تفصیل ۔
(٣٨۔ ٥٢ ) قرآن کی عظمت و صداقت کا بیان کہ یہ کسی شاعریا کاہن کا کلام نہیں ہے بلکہ ایک با عزت رسول کا لایاہوا کلام ہے۔ جو لوگ اس کے انداز کی تکذیب کر رہے ہیں وہ اس کا انجام دور تک سونچ لیں ۔