71 ۔ سورہ نوح : تعارف، مضامین اور مطالب کا تجزیہ - مولانا امین احسن اصلاحی

 ا۔ سورۃ کا عمود اور سابق سورۃ سے تعلق ۔

سابق سورۃ۔ المعارج۔۔ میں آپ نے دیکھا کہ عذاب کے لیے جلدی مچانے والوں کو جب اور پیغمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو صبر و انتظار کی تلقین ہے۔ اس سورۃ میں حضرت نوح (علیہ السلام) کی دعوت کے مراحل، ان کے طویل صبر و انتظار اور بالآخر ان کی قوم کے مبتلائے عذاب ہونے کی سرگزشت اختصار لیکن جامعیت کے ساتھ بیان ہوئی ہے۔ اور مقصود اس سے آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور آپ کی قوم کے سامنے ایک ایسا آئینہ رکھ دینا ہے جس میں آپ بھی دیکھ لیں کہ اللہ کے رسول کو اپنی آخری منزل تک پہنچنے کے لیے صبر و انتظارکے کن زہرہ گداز مراحل سے گزرنا پڑتا ہے، ساتھ ہی آپ کی قوم بھی دیکھ لے کر اللہ تعالیٰ جلد بازوں کی جلد سازی اور ان کے طنز و طعن کے باوجود ان کو ڈھیل اگرچہ ایک طویل مدت تک دیتا ہے لیکن بالآخر پکڑتا ہے اور جب پکڑتا ہے تو اس طرح پکڑتا ہے کہ کوئی ان کو چھڑانے والا نہیں بنتا ۔

ب۔ سورۃ کے مطالب کا تجزیہ

سورہ کے مطالب کی ترتیب اور ان کا نظم بالکل واضح رہے۔ اس وجہ سے تجزیہ کی ضرورت نہیں ہے۔ شروع سے لے کر آخر تک صرف حضرت (علیہ السلام) کی دعوت کے مراحل، جیسا کہ ہم نے اوپر اشارہ کیا، بیان ہوئے ہیں۔ صرف بعض آیات بیچ میں موقع کی مناسبت سے بطور تضمین آئی ہیں۔ ان کی نوعیت تفسیر میں ان شاء اللہ واضح ہوجائے گی ۔