قرآن كا تعارف | ڈاکٹر شہزاد سلیم

(ماہنامہ اشراق،  شمارہ اپریل 2019 ء )

پس منظر


قرآن ایک منفردكتاب ہے۔ یہ خداے رب العزت كا انسانیت كے لیے آخری صحیفۂ ہدایت ہے۔ اس  سے پہلے وقتًا فوقتًا اس نےبہت سے پیغمبروں كو ہدایت سے سرفراز كیا۔ عہد نامۂ قدیم اور عہد نامۂ جدید كے بعد یہ خدا كا آخری عہد نامہ ہے جو اسنے لوگوں كی ہدایت كے لیے نازل فرمایا۔ یہ اُسی دین كو پیش كرتا ہے جو اِس سے پہلےسابقہ انبیا اور رسولوں نے پیش كیا۔ تا ہم پچهلے آسمانی صحیفوں كے برخلاف یہ اپنی اصل زبان اور صورت میں ہمارے پاس  محفوظ  ہے۔

قرآن کا تعارف
اس كی صنف ان كتابوں سے یكسر مختلف ہے جن سے ہم واقف اور مانوس ہیں۔ چنانچہ اس كے پڑھنے والے ہرسنجیدہ طالب علم كے لیے یہ  نہایت ضروری ہےكہ وہ اس كی صنف كا فہم ركهتا ہو۔ نیز اگر اس فہم كے ساتھ اس كتاب كے موضوع اور اسكی ترتیب سے بهی واقفیت پیدا كر لی جائے  توقاری اس كتاب كے فہم سے كما حقہٗ بہرہ یاب ہو سكتا ہے۔ وہ اس كتاب كو پڑھ كر حظ محسوس كرے گا اور اس كے ذہن كے دریچے وا ہوں گے۔ وہ خدا كی سنن اور افعال كا شاہد بن جائے گا اور رب كائنات سے اپنے آپ كو ہم كلام محسوس كرے گا۔  وہ خدا كو اگرچہ دیكھ نہیں سكتا، مگر اس كو محسوس كر پائے گا، كیونکہ وہ الہٰی اسالیب كلام اور آداب گفتگو سے اپنے آپ كو قریب محسوس كرے گا۔  اس كے بحر وجود كی موجیں متلاطم ہوں گی اور اس كے دل و دماغ پكار اٹهیں گے:

؎ ایں كتاب از آسمانے دیگر است۔

قرآن كی صنف


قرآن  ایک بے مثل ادبی شہ پارہ ہے جس كی نظیر انسانی كلام میں كہیں نہیں پائی جاتی۔ بلاشبہ، اس كتاب كی صنف كو  اسالیب اور تحریر كےموجودہ پیمانوں پر قیاس كرنا ایک مشكل امر ہے۔ تاہم اس كی سب سے قریبی مشابہت خطبا كے كلام سے قرار دی جا سكتی ہے۔ یہ كتاب مكالمات پر مشتمل ہے جو زندہ كرداروں كے ما بین ہوا  جو ساتویں صدی میں عرب كے اسٹیج پر نمودار ہوئے۔ یہ كردار ایک مخصوص پس منظر میں آپس میں ہم كلام ہوتے نظر آتے ہیں۔ جیسے كسی تمثیلیا ڈرامے  میں احوال اور پیش منظر تبدیل ہوتے رہتے ہیں، بالكل ویسے ہی اس كتاب میں یہ پہلو ہمیں جابجا نظر آئے گا۔ الله تعالیٰ كی ذات والا صفات خود ان مكالمات كی مصنف ہے۔


 لفظ ’قال‘ اور اس سے ماخوذ الفاظ كا قرآن میں جابجا استعمال اس مكالماتی انداز كا پتا دیتے ہیں۔ یہی معاملہ  خطاب كے مختلف صیغوں اور اسالیب كا ہے۔ بہت سے مواقع پر متكلم اور مخاطب كا تعین موقع كلام اور سیاق و سباق سے كیا جاتا ہے، كیونكہ ان مواقع پر ’قال‘ یا   اس كی طرح كے الفاظ كلام میں مذكور نہیں ہوتے۔

 محض تفہیم مدعا كے لیے انسانی كلام میں اس كی بہت ہی ادنیٰ مماثلت”مكالمات افلاطون“ ،  دانتے کی  “Divine Comedy” ،  اور علامہ اقبال كا”جاویدنامہ “ قرار دیے جا سكتے ہیں۔ ان كتابوں میں مكالماتی اسلوب اختیار كیا گیا ہے۔

یہ بات یہاں واضح رہے كہ قرآن میں مكالمات الله تعالىٰ اور دیگر كرداروں كے مابین ہوئے  ہیں اور ان کرداروں میں آپس میں بهی۔  ان كرداروں كو  اس طرح سے بیان كیا جا سكتا ہے:

جبریل،

انبیا،

شیطان،

اہل ایمان،

منافقین،

مشركین،

اور اہل كتاب۔

ساتویں صدی میں عرب كے ان كرداروں كی آپس میں ایک باقاعدہ گفتگو كو اس كتاب میں  الله تعالىٰ کی زبان میں جگہ جگہ ملاحظہ كیا جا سكتا ہے۔ یہ ان میں سے ایک سے صادر ہوتی ہے اور ان میں سے ایک یا ایک سے زائد كی طرف اس كا روے سخن ہوتا ہے۔ یہ كردار آپس میں ہم كلام ہوتے ہیں اور گفتگو ایک سے دوسرے كی طرف منتقل ہوتی رہتی ہے۔ اگر گفتگو كی اس منتقلی كو گہرائی سے سمجھا جائے تو كلام كی بظا ہر بےربطی بہت بامعانی نظر آنے لگتی ہے، اس لیے كہ اپنی اصل میں یہ ایک مكالمہ ہے جس میں متكلم اور مخاطب میں تبدیلی آتی رہتی ہے۔

بعض دفعہ كلام كے مخاطبین ایک سے زائد ہوتےہیں۔ اسی طرح كچھ مواقع پر مقصود كسی متعین مخاطب كو سامنے ركھ كر ایک باقاعده تقریركیاجانا پیش نظر  ہوتا ہے۔ كسی موقع پر تقریرعمومی نوعیت كی ہوتی ہے اور كسی مخصوص گروه كی طرف اشارہ كرنا مقصود نہیں ہوتا۔ اسی طرح خطاب كبهی بالواسطہ ہوتا ہے اور كبهی بظاہر كسی ایک گروہ كی طرف، مگر روے سخن كسی اور كی طرف ہوتا ہے۔ كبهی زبان حال كی رعایت ركهی جاتی ہے اور كبهی زبان قال كی۔ اعلىٰ ادب كےادا  شناس لوگ ذرا  تامل سے ان لطافتوں كو سمجھ سكتے ہیں۔

خطاب كی تبدیلی متكلم كی كیفیت كا بهی پتادیتی ہے۔ اس سے معلوم ہو جاتا ہے كہ بات غصے سے كہی گئی ہے یابےزاری سے۔ اس میں محبت كی حلاوت ہے یا التفات كی چاشنی۔ بعض دفعہ خطاب منطقی انجام تک پہنچے بغیر ہی اچانک ختم كر دیا جاتا ہے۔ كبهی كلام كے ان حصوں كو حذف كر دیا جاتا ہے جن كا قرینہ واضح ہو ۔ بعض اوقات متكلم كلام كے تدریجی ارتقا سے واضح ہوتا ہے۔

غرض ان مكالمات كی جاذبیت قلب و نظر كی آبیاری كرتی ہے۔ قاری آیات الہٰی كے مسكت استدلال سے اپنے آپكو سحر زدہ محسوس كرتا ہے۔  اس محكم استدلال كے اثرات اس كی زندگی پر مترتب ہوتے ہیں۔ اس كو معلوم ہو جاتا ہے كہ  ترک و قبول كے اس سفر كے غیر معمولی نتائج برآمد ہو سكتے ہیں۔ بعض مواقع پر تو یہ استدلال صریح ہوتا ہے اور بعض پر قسمیہ اسلوب اسے بہت لطیف بنا دیتا ہے۔ اگر پڑهنے والا ادب كی مختلف صنعتوں سے واقف ہوتو كلام كی حقیقى معنویت تک وہ بڑی آسانی سے پہنچ جاتا ہے۔ بالخصوص اگر الف لام كے مختلف معانی اور استعمالات كا وہ علم ركھتا ہے تو كلام كی تخصیصات اور مقتضیات كا اسے عمدہ فہم حاصل ہو جاتا ہے۔

غرض یہ بات بلا خوف تردید كہی جا سكتی ہے كہ كتاب الله كی حقیقی تفہیم كے لیے اس كےمكالماتی اسلوب سے واقفیت ایك ناگزیر  امرہے۔

قرآن كے اس مخصوص اسلوب كے كچھ نتائج ہیں جو قاری كے پیش نظر رہنے چاہییں:

۱۔ ہر سورہ كا بنیادی مخاطب متعین كرنا ضروری ہے۔ اثناے سورہ میں اكثر اوقات ثانوی مخاطب بهی زیر بحث آ جاتے ہیں جن كا تعین بهی اسی طرح لازم ہے۔ یہی تبدیلی متكلم میں بهی رونما ہوسكتی ہے۔

۲۔ متكلم اور مخاطب كے درمیان تبدیلی كو دقت نظر سے ملحوظ ركھنا ضروری ہے۔ بعض دفعہ یہ تبدیلی بڑی لطیف ہوتی ہے اور بعض جگہ بہت نمایاں۔ اسی تبدیلی کی وجہ سے كلام میں جو بظاہر بے ربطگی یا چھلانگ محسوس ہوتی ہے، اس کی معنویت كو سمجھا جا سكتا ہے۔

۳۔ وہ كردار جو ساتویں صدی میں عرب میں موجود نہیں تهے، وه قرآن میں زیر بحث ہو ہی نہیں سكتے، كیونكہ اس كتاب میں وہی  كردار زیر بحث ہیں جن كے درمیان دور رسالت میں مكالمہ ہوا یا كسی پہلو سے ان كا حوالہ دیا گیا۔ چنانچہ اسی وجہ سے ، مثال كے طورپر ، ہندومت اور بدھ مت كا كوئی ذكر قرآن میں نہیں ملتا۔

۴۔ چونكہ قرآن كے براہ راست مخاطب اپنا مخصوص پس منظر ركهتے ہیں، اس لیے اس كتاب میں بہت سے وہ معاملات و مسائل زیربحث آتے نظر آتے ہیں جن كا تعلق انهی كے عقائد ،  مالوفات اور روایات سے ہے۔ اس ضمن میں یہ بات دلچسپی كا باعث ہو گی كہ قرآن میں عرب كے یہود كے بعض عقائد بیان ہوئے ہیں جو، مثال كے طور پر، دوسرے علاقوں كے یہود كے نہیں تهے، جیسے حضرت عزیر كو خدا كا بیٹا قراردینا۔ اسی طرح تقریباً دوتہائی قرآن میں دور رسالت كے مشركین عرب كا  مفصل ذكر ہے۔ چنانچہ دور حاضر كے  ابراہیمی مذاہب كے قاری، مثا ل كے طور پر، اسطول طویل  ذكر کی افادیت سمجھنے میں شایددقت محسوس كریں، اگر وہ اس پس منظر سے واقف نہ ہوں۔

________

قرآن كے طالب علموں كواس كی صنف كے ساتھ ساتھ اس كے موضوع اور ترتیب سے بهی آگاہ ہونا چاہیے تاكہ وہ خدا كے اس آخری عہد نامےكا صحیح تعارف حاصل كر سكیں۔ ذیل میں ان كی تفصیل بیان كی جاتی ہے:

قرآن كا  موضوع


قرآن كےموضوع كو سمجھنے كے لیے كچھ پس منظرجاننا ضروری ہے۔

دنیا  کی مذہبی تاریخ  كو دو ادوار میں تقسیم كیا جا سكتا ہے: پہلا دور جو  اس تاریخ كے بہت  بڑے حصے پر مشتمل ہے، اسےدور نبوت كہا  جا سكتا ہے۔ اس دور میں الله تعالى ٰ نے دنیا میں اپنے نمایندے بھیجے تا كہ وہ انسان کی رہنمائی كریں۔ ان ہستیوں  كو انبیا  كہا جاتا ہے۔ یہ دور آدم (علیہ السلام) سے شروع ہوا اور محمد (صلی اللہ علیہ وسلم)  پر ختم ہوا۔  دوسرے   دور  کی ابتدا محمد  (صلی اللہ علیہ وسلم) کی وفات  سے ہوئی اور اس كا اختتام قیامت پر ہو گا۔ اس دور كو دور بعد از نبوت سے تعبیر كیا جا سكتا ہے۔ اس دور میں  خدا اپنے نمایندے  نہیں بھیجتا۔


   
دورنبوت                                               دور بعد از نبوت
آدم ؑ ____________ محمدﷺ _______________ روز قیامت

دور نبوت كا ایک خاص پہلو ہے جو دور بعد از نبوت میں نہیں پایا  جاتا ۔ یہ خدا كا اپنے رسولوں كے بارے میں ایک غیر متبدل ضابطہ ہے جو اس كے انبیا سے  متعلق ہے جو منصب رسالت پر فائز ہوتے ہیں۔ قرآن اس ضابطے كو’سنۃ الله‘سے تعبیر كرتا ہے:

سُنَّةَ مَنْ قَدْ اَرْسَلْنَا قَبْلَكَ مِنْ رُّسُلِنَا وَلَا تَجِدُ لِسُنَّتِنَا تَحْوِيْلًا. (بنی اسرائیل۱۷ : ۷۷)

”تم سےپہلے اپنے جو رسول بھی ہم نے بھیجے ہیں، اُن کے بارے میں اِس سنت کو یاد رکھو اورہماری اِس سنت میں تم کوئی تبدیلی نہ پاؤ گے۔“

قرآن جو دور نبوت میں نازل ہوا، اس نے اس غیر متبدل ضابطے کی تفصیلات كو ہمیشہ كے لیے محفوظ كر لیاہے۔ یہ غیر متبدل ضابطہ كچھ نہیں، مگر ایک خدائی منصوبہ جس  كا نفاذ وہ خود دنیوی آفتوں یا اپنے رسولوں[۲]كے ذریعےسے كرتا ہے۔ بنا بریں، اس ضابطہ كا كوئی تعلق شریعت سے نہیں۔ یہ جیسا كہ بیان ہوا، ایك الہٰی منصوبہ ہے۔ اس ضابطے كو یوں بیان كیا جا سكتا ہے: الله تعالىٰ دنیوی آفات یا اپنے رسولوں كے ذریعے سے ان كے براه راست مخاطبین كو رسول كے پیش كردہ حق[۳]كے جانتے بوجھتے انكار کی پاداش میں  اسی دنیا میں سزا دیتا ہے اور اِن براه راست مخاطبین میں سے جو حق كو اختیار كریں، دنیاہی میں اس کی جزا دیتا ہے۔  قرآن اس  دنیوی جزا و سزا كو ان الفاظ میں بیان كرتا ہے:


وَلِكُلِّ اُمَّةٍ رَّسُوْل ، فَاِذَا جَآءَ رَسُوْلُهُمْ قُضِيَ بَيْنَهُمْ بِالْقِسْطِ وَهُمْ لَا يُظْلَمُوْنَ. (یونس ۱۰:    ۴۷ )

” ہر قوم کے لیے ایک رسول ہے۔ پھر جب اُن کارسول آ جاتا ہے تو اُن کے درمیان انصاف کے ساتھ فیصلہ کر دیا جاتا ہے اور اُن پر کوئی ظلم نہیں کیا جاتا ۔“

اس دنیوی جزا وسزا كا ایک خاص مقصد ہوتا ہے: انسان كو اس بات کی یاد دہانی كروائی جائے كہ ایک دن وہ خدا كے آگے اپنے اعمال کی بنیاد پر جواب دہ ہو گا۔ اس مسلمہ حقیقت كو وہ اكثرنظر انداز كر دیتا ہے۔ چنانچہ اسے اس دنیا ہی میں اس كا ایك حسی مشاہدہ كروا دیاجاتا ہے۔ خدا کی وہ عدالت  جو تمام افرادكے لیے قیامت میں برپا ہو گی، رسولوں كےبراه راست مخاطبین كے لیے اس دنیا میں برپاكر دی جاتی ہے  تا  كہ وہ اخروی جزا و سزا كا عینی ثبوت بن جائے۔ دوسرے الفاظ میں اس بڑی قیامت سے پہلے بہت سی چھوٹی قیامتیں وجود میں لائی جاتی ہیں تا كہ وه اس بڑی قیامت كو حسی طور پر مشہود كر دیں۔

اس پس منظر میں قرآن كے موضوع  كو اب بیان كیا جا سكتا ہے۔  ایک جملے میں اس كو نبی صلى الله علیہ وسلم كی سرگذشت انذار سے تعبیر كیا جا سكتا ہے۔ انذار قرآن كی ایک اصطلاح ہے، جس كا مطلب دنیا اور آخرت میں انكار حق كے نتائج سے خبردار كرنا ہے ۔ نبی صلى الله علیہ وسلم نے اپنے براہ راست مخاطبین پر ان نتائج كو اس درجہ واضح كر دیا كہ سواے ہٹ دهرمی كے ان کے پاس انكار كی كوئی گنجایش باقی نہ رہی- اس موضوع كو قرآن كےمشمولات سے اس طرح مستنبط كیا جا سكتا ہے:

قرآن كے مطابق، جب كہ ایک نبی اپنی قوم كو بشارت دینے اورخبردار كرنے كے منصب پر معمور ہوتا ہے ، ایك رسول اپنی قوم كو  اس درجہ میں بشارت دیتا اورخبردار كر دیتا ہے كہ اس كے پاس سواے ہٹ دھرمی كے انكار كرنے کی كوئی بنیاد باقی  نہیں رہ جاتی۔  قرآن كی اصطلاح میں اسےاتمام حجت كہا جاتا ہے:

رُسُلًا مُّبَشِّرِيْنَ وَمُنْذِرِيْنَ لِئَلَّا يَكُوْنَ لِلنَّاسِ عَلَي اللّٰهِ حُجَّةٌ بَعْدَ الرُّسُلِ ، وَكَانَ اللّٰهُ عَزِيْزًا حَكِيْمًا. (النساء ۴  : ۱۶۵)

”یہ رسول جو بشارت دینے والے اور خبردار کرنے والے بنا کر بھیجے گئے تاکہ لوگوں کے لیےاِن رسولوں کے بعد اللہ کے سامنے کوئی عذر پیش کرنے کے لیے باقی نہ رہے۔ اللہ زبردست ہے، وہ بڑی حکمت والا ہے۔“

قوم كے جانتے بوجھتےانكار كو قرآن ان الفاظ میں بیان كرتا ہے:

فَلَمَّا جَآءَهُمْ مَّا عَرَفُوْاكَفَرُوْا بِهٖ،  فَلَعْنَةُ اللّٰهِ عَلَي الْكٰفِرِيْنَ. (البقرہ۲ : ۸۹)

”جب ان كے پاس وہ آیا جسے وہ پہچانتے تھے ، انھوں نے اس كاانكار كر دیا۔   تو خدا کی لعنت ہو اِنمنكرین پر۔“

اتمام حجت كے بعد زمین پر خدا كی عدالت لگتی ہے۔ اہل ایمان فائز المرام ہوتے ہیں اور منكرین كو سزا دی جاتی ہے۔ اسطرح یہ دنیا اس بڑی قیامت سے پہلے ایک چھوٹی قیامت كا منظر پیش كرتی ہے۔ قرآن سےمعلوم ہوتا ہے كہ رسول كی دعوت كے متعین مراحل ہوتے ہیں جن سے یہ گزر كراپنے اتمام كو پہنچتی ہے۔ ان كو انذار ، انذار عام ، اتمام حجت اور ہجرت وبراءت سے تعبیر كیا جا سكتا ہے۔ چنانچہ ہر سوره كے بارے میں یہ كہا جا سكتا ہے كہ وہ ان میں سے كسی نہ كسی مرحلے ہی میں نازل ہوئی ہے جس كی طرف رہنمائی خود اس كے اپنے مشتملات كرتے ہیں۔

اتمام حجت كے مرحلےتک پہنچتے پہنچتے اہل ایمان اور منكرین متعین گروہوں كی صورت اختیار كر چكے ہوتے ہیں۔ اس مرحلے كے بعد خدا كی طرف سے آخری فیصلہ صادر كر دیا جاتا ہے۔ رسولوں كی تاریخ سے معلوم ہوتا ہے كہ  فیصلے كے اس مرحلے میں منكرین پر عذاب كی بالعموم دو صورتیں اختیار كی جاتی ہیں۔ ان صورتوں كا تعین حالات كرتے ہیں۔ اگررسول كے ساتهی تعداد میں تھوڑے ہوتے ہیں اور ان كے پاس ہجرت كی كوئی جگہ بهی میسرنہیں ہوتی جہاں وہ اپنا اقتدار قائم كر سكیں تو وہ اور اس كے ساتهی قوم سے الگ كردیے جاتے ہیں۔ اس كے بعد رسول كی قوم كو خدائی عذاب كے ذریعے سے نیست ونابود كر دیاجاتا ہے۔ قرآن كریم كا ارشاد ہے:

فَكُلًّا اَخَذْنَا بِذَنْۣبِهٖ ، فَمِنْهُمْ مَّنْ اَرْسَلْنَا عَلَيْهِحَاصِبًا ، وَمِنْهُمْ مَّنْ اَخَذَتْهُ الصَّيْحَةُ ،  وَمِنْهُمْ مَّنْ خَسَفْنَا بِهِ الْاَرْض، وَمِنْهُمْ مَّنْ اَغْرَقْنَا. (العنکبوت۲۹ : ۴۰)

”سو اِنمیں سے ہر ایک کو ہم نے اُس کے گناہ کی پاداش میں پکڑا۔ پھر اُن میں سے کوئی تھاکہ اُس پر ہم نے پتھراؤ کرنے والی ہوا بھیج دی اور کوئی تھا کہ اُس کو کڑک نے آلیا اور اُن میں سے کوئی تھا کہ اُسے ہم نے زمین میں دھنسا دیا اور کوئی تھا کہاُس کو ہم نے غرق کر دیا۔“

اسی قانون كے تحت قوم عاد ، قوم ثمود ، قوم نوح ، قوم لوط  اورقوم شعیب وغیرہ قدرتی آفات سے تباہ كر دیے گئے، جب انهوں نے اپنے اپنے رسولوں كاجانتے بوجھتے انكار كیا۔ یہ بات قرآن میں جگہ جگہ بیان ہوئی ہے۔ بلكہ قرآن كی ایک مختصر سورہ ، سورۂ قمر ان معذّب قوموں كی تفصیل بہت موثر طریقے سے بیان كرتی ہے۔

دوسری صورت میں ایک رسول كو معتد بہ تعداد میں ساتهی میسر آ جاتے ہیں اور انهیں ہجرت كی كوئی جگہ بهی میسر آ جاتی ہے جہاں وہ اس الہٰی منصوبے كے تحت اقتدار بهی حاصل كر لیتے ہیں۔ اس صورت میں رسول اور اس كے ساتهی تلوار كے زور سے مخالفین كو زیر كرلیتے ہیں۔ وہ سزاجو سابقہ صورت میں آسمان سے نمودار ہوتی ہے ، وہ اس صورت میں اہل ایمان  كےہاتھوں سے صادر ہوتی ہے اور ساتھ ہی یہ بات بهی واضح كر دی جاتی ہے كہ دراصل  زمین و آسمان كا پروردگار یہ اقدام كرتا ہے:

قَاتِلُوْهُمْ يُعَذِّبْهُمُ اللّٰهُ بِاَيْدِيْكُمْ وَيُخْزِهِمْ وَيَنْصُرْكُمْ عَلَيْهِمْ. (التوبہ ۹  :۱۴ )

”اُن سےلڑو، اللہ تمھارے ہاتھوں سے اِن کو سزا دے گا اور اُنھیں ذلیل و خوار کرے گا اورتمھیں اُن پر غلبہ عطا فرمائے گا۔“

فَلَمْ تَقْتُلُوْهُمْ وَلٰكِنَّ اللّٰهَ قَتَلَهُمْ. (الانفال۸ :۱۷)

”سو(حقیقت یہ ہے کہ اِس جنگ میں) تم نے اِن کو قتل نہیں کیا، بلكہ خدا نے انهیں قتل كیا۔“

رسول الله صلى الله علیہ وسلم كے معاملے میں یہی دوسری صورت پیدا ہوئی۔ یہ بات بهی قرآن سے معلوم ہوتی ہے كہ ان معذب قوموں كی سزا كی بهی دو نوعیتیں ہوتی ہیں: مشرک قوموں كو ان كے شرک پر جانتے بوجھتے اصرار كی وجہ سے نیست و نابود كر دیا جاتا ہے۔ دوسری طرف وہ قومیں جو بنیادی طور پرتوحید  کی علم بردار ہوتی ہیں، انھیں زندہ رہنے كا موقع دیا جاتا ہے بشرطیکہ وه رسول اور اس كے صحابہ كے زیر دست رہنا قبول كر لیں۔ مقدم الذكر انجام كی بنیاد اس قرآنی اصول پر ہے كہ الله تعالىٰ جانتے بوجھتے شرک كو كبهی معاف نہیں كرتے:

اِنَّ اللّٰهَ لَا يَغْفِرُ اَنْ يُّشْرَكَ بِهٖ وَيَغْفِرُ مَا دُوْنَذٰلِكَ لِمَنْ يَّشَآءُ ، وَمَنْ يُّشْرِكْ بِاللّٰهِ فَقَدِ افْتَرٰ٘ي اِثْمًا عَظِيْمًا. (النساء ۴ : ۴۸)

”اللہ اِس بات کو نہیں بخشے گا کہ (جانتے بوجھتے کسی کو) اُس کا شریک ٹھیرایا جائے۔ اِس کے نیچے، البتہ جسکے لیے جو گناہ چاہے گا، (اپنے قانون کے مطابق) بخش دے گا، اور (اِس میں تو کوئیشبہ ہی نہیں کہ) جو اللہ کا شریک ٹھیراتا ہے، وہ ایک بہت بڑے گناہ کا افترا کرتا ہے۔“

چنانچہ اسی اصول پر بنی اسرائیل كو بطور قوم ہلاک نہیں كیا گیا،كیونكہ وہ اصلاً توحید كے علم بردار تهے۔ ان كی سزا كی نوعیت یہ تهی كہ وہ قیامت تک حضرت مسیح كے ماننے والوں كے زیر دست رہ كر زندگی بسر كریں گے:

اِذْ قَالَ اللّٰهُ يٰعِيْسٰي اِنِّيْ مُتَوَفِّيْكَ وَرَافِعُكَ اِلَيَّ وَمُطَهِّرُكَ مِنَ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا وَجَاعِلُ الَّذِيْنَ اتَّبَعُوْكَ فَوْقَ الَّذِيْنَ كَفَرُوْ٘ا اِلٰي يَوْمِ الْقِيٰمَةِ.(آل عمران ۳ :  ۵۵)

”اُسوقت، جب اللہ نے کہا: اے عیسیٰ ، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ تجھے وفات دوں گا اور اپنی طرف اٹھا لوں گا اور (تیرے) اِن منکروں سے تجھے پاک کروں گا اور تیری پیروی کرنے والوں کو قیامت کے دن تک اِن منکروں پر غالب رکھوں گا۔ “

قرآن كے اس موضوع كا  ایك بہت اہم نتیجہ نكلتا ہے جس كو خوب اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے۔ اس كا تعلق اسی غیر متبدل ضابطہ سے ہے جو ابھی تفصیل سے زیر بحث لایا گیا ہے كہ صرف خدا ہی اس بات كا مجازہے كہ وہ لوگوں كے جانتے بوجھتے انكار پر ان كو سزا دے۔ دور نبوت میں یہ انكارشرك ، كفر اور ارتداد كے جرائم کی صورت میں ظاہر ہوا۔ خدا نے ان جرائم كے مرتكبین كو اپنے رسولوں یادنیوی آفتوں كے ذریعے سے سزا دی۔ تاہم زمانہ بعد از نبوت میں   كسی فرد یا ریاست كو ہرگز یہ حق حاصل نہیں ہے كہ وہ ان جرائم كی سزا دے۔ اس كا اختیار صرف خدا كو ہے۔ وہ اپنے اس اختیار كو ایك مرتبہ پھر قیامت كے دن استعمال كرے گا۔ اس ضمن میں یہ بات سمجھنا بہت اہم ہے كہ دور نبوت كے یہود و نصارىٰ اور دور بعد از نبوت كے یہود و نصارىٰ كے درمیان فرق كیاجائے۔ مقدم الذكر كو ان كے جانتے بوجھتے انكار پر اس دور میں سزا دی  گئی، تاہم دور بعد از نبوت كے یہود و نصارىٰ كواس نوعیت کی كوئی سزا نہیں دی جا سكتی۔ جیسا كہ ابھی بیان ہوا اس سزا  كا تعلق خدا كے اس غیر متبدل ضابطہ سے ہے جوصرف اور صرف دورنبوت میں نافذ العمل ہوتا ہے۔

دوسرا  نتیجہ جو اس موضوع کی روشنی میں سمجھنا چاہیے، وہ یہ ہے كہ چونكہ دور نبوت میں الله تعالىٰ كے اِس غیر متبدل ضابطہ  كو رو بہ عمل ہونا تھا جس كے تحت انھوں نے منكرین حق كو سزا دی ، بعض وقائع قرآن(اور دیگر آسمانی صحائف) میں مذكور ہیں جو اب دور بعد از نبوت میں اس طرح رونما نہیں ہوتے ، جیسے وہ دور نبوت میں ہوتے تھے۔ اس کی دو نمایاں مثالیں دی جا سكتی ہیں:

۱۔ اتمام حجت کی غرض سے پیغمبروں كے ذریعے سے نمودار ہونے والےمعجزات  ۔

۲۔  فرشتوں کی اہل ایمان کی قابل محسوس مدد اور نصرت۔

یہ كہا جا سكتا ہےكہ اگر قرآن كا  اوپر بیان كردہ  موضوع اور یہ دو نتائج ملحوظ ركھے جائیں تو  قاری اس كتاب كے مشمولات كا گہرا ادراک پیدا كر سكتا ہے۔

قرآن کی ترتیب


كتاب کی حیثیت سے اپنی مجموعی ترتیب كےبارے میں خود قرآن نے ان الفاظ میں روشنی ڈالی ہے:

وَلَقَدْ اٰتَيْنٰكَ سَبْعًا مِّنَ الْمَثَانِيْ وَالْقُرْاٰنَ الْعَظِيْمَ .( الحجر ۱۵ :۸۷)

”ہم نےتم کو سات مثانی، یعنی قرآن عظیم عطا کر دیا ہے۔“

اس آیت كا مفہوم یہ ہے كہ قرآن كو الله تعالىٰ نے سات ابواب میں تقسیم كیا ہے اور اس كے ہر باب میں سورتیں اپنے مضامین كےلحاظ سے جوڑا جوڑا ہیں۔ یہ جڑواں سورتیں كسی نہ كسی پہلو سے ایک دوسرے كی تكمیل كرتی ہیں۔ چنانچہ ، مثال  كے طور پر، بادنیٰ تامل  سورۂ ضحیٰ (۹۳) اورسورۂ الم نشرح (۹۴) كے درمیان گہری مشابہت نظر آتی ہے۔ یہی معاملہ سورۂ فلق (۱۱۳) اور سورۂ ناس (۱۱۴) كاہے جسے ہر پڑهنے والا محسوس كر سكتا ہے۔ غوروفكر سے دوسری سورتوں میں بهی یہ مشابہت كسی نہ كسی پہلو سے نظر آجاتی ہے۔  چندسورتیں منفرد بهی ہیں اور ان كا معاملہ اس عام اصول سے استثنا  كا ہے،جیسے سورۂ فاتحہ جو پورے قرآن كا بهی دیباچہ ہے اور پہلے باب كا بهی۔

ان سات ابواب كی مختصر تفصیلات یوں ہیں:

باب اول

الفاتحہ ـــــــــ  المائدہ ١ -٥

مكی: ۱

مدنی: ۲- ۵

باب دوم

الانعام  ـــــــــ  التوبہ ۶- ۹

مكی: ۶ - ۷

مدنی:  ۸ - ۹

باب سوم

یونس  ـــــــــ  النور ۱۰- ۲۴

مكی: ۱۰ - ۲۳

مدنی: ۲۴

باب چہارم

الفرقان  ـــــــــ  الاحزاب ۲۵- ۳۳

مكی: ۲۵ -  ۳۲

مدنی:۳۳

باب پنجم

سبا  ـــــــــ  الحجرات ۳۴- ۴۹

مكی: ۳۴ -  ۴۶

مدنی: ۴۷ -  ۴۹

باب ششم

ق  ـــــــــ  التحریم ۵۰- ۶۶

مكی: ۵۰ -  ۵۶

مدنی:  ۵۷7 -  ۶۶

باب ہفتم

الملک  ـــــــــ  الناس ۶۷- ۱۱۴

مكی: ۶۷ -  ۱۱۲

مدنی: ۱۱۳ -  ۱۱۴

ان ابواب كے كچھ خصائص بهی ذیل میں بیان كیے جاتے ہیں:

۱۔ ہرباب ایک یا ایک سے زیادہ مكی سورتوں سے شروع ہوتا ہے اور اس كا خاتمہ ایک یا ایک سے زیادہ مدنی سورتوں پر ہوتا ہے۔ ان ابواب میں مكی سورتوں كا مدنی سورتوں سے وہی تعلق ہوتا ہے جو كسی درخت كی جڑ كا اس كے تنے سے ہوتا ہے۔

۲۔ ہرباب میں سورتو ں كی ترتیب نزولی ہوتی ہے۔

۳۔ ہرباب رسالت مآب كی سرگذشت انذار كے مراحل كسی نہ كسی  پہلو سے بیان كرتا ہے۔

۴۔ ہرباب كا ایک موضوع ہوتا ہے ۔ یہ اس كا  محورہوتا ہے جس كے گرد اس كی سورتیں گهومتی ہیں۔ یہ موضوعات درج ذیل ہیں:[۴]

باب اول

الفاتحہ  ـــــــــ  المائدہ ١-٥

اِس کا موضوع ، یہود و نصاریٰ پر اتمام حجت،اُن کی جگہ ذریت ابراہیم ہی کی ایک دوسری شاخ، بنی اسمٰعیل میں سے امت مسلمہ کی تاسیس، اُس کا تزکیہ وتطہیر اور اُس کے ساتھ خدا کے آخری عہد و پیمان کا بیان ہے ۔[۵]

باب دوم

الانعام  ـــــــــ  التوبہ ۶-۹

اِس کا موضوع قریش پر اتمام حجت،مسلمانوں کا تزکیہ و تطہیر، اور قریش اور اہل کتاب، دونوں کے لیے خدا کی آخری دینونت کےظہور کا بیان ہے۔[۶]

باب سوم

یونس  ـــــــــ  النور ۱۰-۲۴

اِس کا موضوع قریش کو انذار، نبی صلی اللہعلیہ وسلم اور آپ کے ماننے والوں کو سرزمین عرب میں غلبۂ حق کی بشارت اور اُن کا تزکیہ و تطہیر ہے، جس میں غلبۂ حق کی بشارت کا پہلو نمایاں ہے۔[۷]

باب چہارم

الفرقان  ـــــــــ  الاحزاب ۲۵-۳۳

اِس کا موضوع رسالت کا اثبات، اُس کے حوالےسے قریش کو انذار وبشارت اور مسلمانوں کا تزکیہ وتطہیر ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن کا مقام ومرتبہ اُسی کے ضمن میں آپ کے ماننے والوں پر واضح کیا گیا ہے۔[۸]

باب پنجم

سبا  ـــــــــ  الحجرات ۳۴-۴۹

اِس کا موضوع توحید کا اثبات، اُس کے حوالےسے قریش کو انذار ، اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے ماننے والوں کے لیے غلبۂ حق کی بشارت اور اُن کا تزکیہ و تطہیرہے۔[۹]

باب ششم

ق  ـــــــــ  التحریم ۵۰-۶۶

اِس کا موضوع قیامت کا اثبات، اُس کے حوالے سے قریش کو انذار و بشارت اور مسلمانوں کا تزکیہ و تطہیرہے۔ اللہ و رسول کے لیے تسلیم و اطاعت کے تقاضے اِسی تزکیہ و تطہیر کے ذیل میں اوراُس وقت کی صورت حال کے لحاظ سے بیان ہوئے ہیں۔[۱۰]

باب ہفتم

الملک  ـــــــــ  الناس ۶۷-۱۱۴

اِس کا موضوع قریش کے سرداروں کو انذارقیامت، اُن پر اتمام حجت ، اِس کے نتیجے میں اُنھیں عذاب کی وعید اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے سرزمین عرب میں غلبۂ حق کی بشارت ہے۔[۱۱]

۵۔ ابواب میں نظم و ترتیب كی نوعیت درج ذیل نقشہ سے سمجھی جا سكتی ہے:


     باب ۲ ↮ ذروۂ سنام 
                                                       (باب 2 میں اہل کتاب اور مشرکین عرب دونوں گروہ مخاطب ہیں، قرآن اس میں پایہ تکمیل کو پہنچتا ہے)
      ↨
     باب ۱ ⇆    باب ۳ ( باب 7سے باب 3 تک مخاطبین مشرکین عرب ہیں )
  (باب 1 میں  مخاطب اہل کتاب ہے)   
                      باب ۴
                       
                      باب ۵
                       ⇅ 
                      باب ۶
                       
                      باب ۷

اگرسابقہ صفحات میں بیان كردہ قرآن كے موضوع كا اعادہ كیا جائے تو یہ كہا گیا تها كہ یہ محمد صلى الله علیہ وسلم كی سرگذشت انذار ہے جو ان كی قوم كی دنیوی جزا و سزا پرمنتج ہوئی۔ یہ بات بهی واضح رہے كہ آپ كے انذار كے دو بنیادی مخاطبین تهے: مشركینِ اور  اہل كتاب جو اس وقت جزیرہ نماے عرب میں آبادتهے۔ قرآن كا دوسرا باب ان دونوں مخاطبین پر دنیوی سزا كی تفصیلات بیان كرتا ہے۔اس لحاظ سے وه تمام ابواب كا معنوی طور پر منتہا ہے۔ یہاں یہ بات واضح رہے كہ باب ۷ سے باب۳ تك مخاطبین مشركین عرب ہیں اور باب ۱ میں اہل كتاب۔ باب ۲ میں ، جیسا كہ بیان كیا گیا ، یہ دونوں ہی گروہ مخاطب ہیں اوران  كے انجام كی تفصیلات بیان كی گئی ہیں۔ چنانچہ اس باب كی حیثیت ذروۂ سنام كی ہے، كیونكہ اپنے مضمون كے لحاظ سے قرآن اس میں پایۂ تكمیل كو پہنچتا ہے۔

ان تفصیلاتكو اگر مد نظر ركها جائے تو كہا  جا سكتاہے كہ  قرآن مجید  محمد صلى الله علیہ وسلم كی سرگذشت انذار كو اس دل نشین ترتیب سے بیان كرتا ہے۔

خاتمہ 


گذشتہ صفحات میں قرآن كی صنف، موضوع اور اس کی ترتیب  كا  ایک مختصر جائزہ پیش كیا گیا ہے۔ یہ كتاب  مكالمات الہٰیہ كوایک مخصوص موضوع كے ساتھ ایک معنوی ترتیب میں بیان كرتی ہے۔ اس كے ان پہلوؤں سے واقفیت قاری كے سامنے اس كتاب كا ایسا تعارف پیش كرتی ہے كہ اسے اپنے رب كی طرف سےنازل كردہ اس شہ پارۂ ادب كا ایک منفرد تجربہ حاصل ہو جاتا ہے۔ وہ اس كتاب كے ذریعے سے آں سوے افلاک موجود ہستی كا كچھ ادراک كر پاتا ہے۔ اس كا دل خدا كی اس بے مثال تخلیق سے سرشار ہو جاتا ہے اور وہ پكار اٹھتا ہے:

آں کتاب  زندہ  قرآن   حکیم 

حکمت اُو لا یزال است و قدیم!

نوع  انساں را پیام  آخریں

حاصل  اُو  رحمتہ  للعلمین!!

____________

حواشی :

 [۱]۔بالخصوص”ميزان“ اور”البيان“۔ ديكھيے: جاوید احمدغامدی ، ميزان ، طبع يازدھم ، لاہور ، ٹوپيكل پرنٹنگ پريس  ۲۰۱۸ء   ۔ جاوید احمد غامدی ،البيان ، طبع اول ، 5مجلدات ، لاہور ، ٹوپيكل پرنٹنگ پريس  ۲۰۱۸ء۔

[۲]۔”رسول“ايك خاص منصب ہے جو بعض  ”انبيا“ كو خدا کی جانب سےحاصل ہوتا ہے۔

[۳]۔”حق“ سےيہاں مراد اس بات كا ادراك و اقرار ہے كہ ہر شخص ايك دن اپنے اعمال كی بنياد پرخدا كے آگے جواب دہ ٹھیرے گا اور ان كی بنياد پر جزا يا سزا  كا مستحق قرار پائے گا۔

[۴]۔ ابواب كے  يہ موضوعاتاستاذ گرامی كی كتاب  ”البیان “ سے نقل كیے گئے ہیں۔  

[۵]۔ جاوید احمد غامدی، البیان   ۱ / ۱۵۔

[۶]۔ ایضاً ، ۲ / ۸۔

[۷]۔ ایضاً، ۲/ ۴۱۰۔

[۸]۔ ایضاً ،۳ / ۴۶۰۔

[۹]۔ ایضاً، ۳ / ۴۶۰۔

[۱۰]۔ ایضاً ،۴ / ۱۷۲۔

[۱۱]۔ ایضاً،  ۵ / ۱۰۔

--------------
نوٹ : بلاگر کا مضمون کے تمام خیالات سے اتفاق لازم نہیں ۔